بجلی کے نرخوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، اسد عمر


اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر سے ہونے والی ایک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چینی پر ٹیکس نہیں لگانا چاہیے تھا، گزشتہ چھ ہفتوں میں چینی کی قیمت میں 29 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس وقت اس کی درآمد پر 40 فیصد ڈیوٹی نافذ ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام بریکنگ پوائنٹ ود مالک میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو بجلی کے نرخوں میں تین سے چارفیصد اضافہ کرنا پڑسکتا ہے تاہم صرف دو ماہ میں نئی معاشی ٹیم حوالے سے رائے قائم کرنا ظلم ہوگا۔

انہوں نے کہا یہ بات درست ہے کہ وزیراعظم ماہر معاشیات نہیں ہیں مگر انہیں یہ بننے کی ضرورت بھی نہیں کیوں کہ اقتصادیات اور سیاست سمجھنے والوں کے امتزاج سے ایک اچھی ٹیم بنتی ہے، معیشت کو سیاست سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ رہی ہے کہ وزارت خزانہ ایک تکنیکی طور پرمضبوط شخص کے پاس ہونی چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑا ہے، جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کو اس پارٹی میں سات، سات سال ہو چکے ہیں اور انہوں بہت جدودجہد کی ہے، یہ کہنا کہ دوسری پارٹی کے لوگ حکومت میں شامل ہیں غلط ہے۔

ایمنسٹی اسکیم کے حوالے سے سوال پر اسد عمر نے کہا کہ حفیظ شیخ کی جانب سے پیش کی گئی اور میری بنائی گئی اسکیم میں دو بنیادی فرق ہیں۔

بجٹ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ مالیاتی خسارہ ختم کرنے کے لئے ٹیکس کے نظام کو بہتر کرنا ہو گا اور آمدی بڑھانا ہو گی، اس کے سوا ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں، بجٹ میں حفیظ شیخ نے ٹیکس نیٹ بڑھانے کی کوشش کی ہے۔

جاپانی سفیر سے ملاقات کے بعد نان فائلرز پر گاڑیوں کی پابندیوں کو ختم کرنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے، پابندی ن لیگ کے دورِ حکومت میں وزیر خزانہ رہنے والے مفتاح اسماعیل نے لگائی تھی ہم نے نہیں اور پابندی ہٹانے کی وجہ یہ تھی کہ گاڑی جب پاکستان میں بنتی ہے تو اس سے صنعت ترقی کرتی ہے اور ملازمات کے مواقع بڑھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 23 جنوری کو ہم نے ذیلی مالیاتی بل پیش کیا جس کا بہت اچھا رد عمل ملا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بطور وزیر خزانہ میں نے کاروباری حضرات کے زیادہ تر مسائل رزاق داؤد کی جانب کئے جس پر مشیر تجارت نے کابینہ اجلاسوں میں اعتراف بھی کیا کہ انہیں ہماری طرف سے بہت سپورٹ حاصل ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں