آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری


اسلام آباد: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری ہو گئے ہیں۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ آصف زرداری کے علاوہ مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر بھی جاری ہو گئے ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ آصف زرداری جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ 13 جون کو پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے اعلیٰ سطح کے وفد نے آصف علی زرداری اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز کے حصول کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی تھی۔

اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا کہ آصف زرداری رکن قومی اسمبلی ہیں اور سب اراکین کا حق ہے وہ بجٹ سیشن میں آئیں۔

سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے 14 جون کو دھمکی دی تھی کہ اگر سوموار تک آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کیے گئے تو ہم پارلیمنٹ نہیں چلنے دیں گے۔

10 جون کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری کو گرفتار کیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں