ایمنسٹی اسکیم چور اور ڈاکوؤں کے لیے لائی گئی، بلاول بھٹو



لاہور: بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم چور اور ڈاکوؤں کے لیے لائی گئی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں معاشی حملے ہو رہے ہیں اور معاشی دہشت گردی کا بوجھ پنجاب کےعوام پر ڈال دیا گیا۔ یہاں صوبوں کے وسائل پر ڈاکے ڈالے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں مڈل کلاس طبقے کا بھی گھر چلانا مشکل ہو گیا ہے جبکہ تعلیم کے بجٹ پر بھی کٹ لگائے جا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی ملک میں معاشی دہشت گردی برداشت نہیں کرے گی۔ موجودہ بجٹ میں امیروں کے لیے ریلیف اور غریبوں کے لیے مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے حوالے سے ہمارا مؤقف تبدیل نہیں ہو گا جبکہ ملک میں جمہوری حقوق پر حملے کیے جا رہے ہیں اور اگر پارلیمان کی کوئی اہمیت نہیں تو آمر اور نئے پاکستان میں بھی کوئی فرق نہیں۔

انہوں ںے کہا کہ اس ملک کے مسائل زیادہ ہیں جسے کوئی جماعت اکیلے حل نہیں کر سکتی، ہمارے مسلم لیگ نون کے ساتھ نظریاتی اختلافات اپنی جگہ ہیں لیکن ہم قومی مفاد کی خاطر ساتھ چلنے کو تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں مریم نواز اور بلاول بھٹو کی اہم ملاقات کل جاتی امرأ میں ہوگی

بلاول بھٹو نے عوام دشمن بجٹ کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حکومت کو موقع بھی دیا لیکن وہ عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو گئی ہے۔ ہم نے کہا تھا کہ اگر بجٹ عوام دوست ہوا تو ہم بھی تالیاں بجائیں گے اور حکومت کا ساتھ دیں گے۔

پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ پنجاب کا بجٹ کم کرنا صوبے کی عوام کے ساتھ زیادتی ہے جبکہ بجٹ میں پاکستان کے کسان، مزدوروں کے لیے کوئی ایمنسٹی اسکیم نہیں ہے۔ یہاں کٹھ پتلی حکومت ملک کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں