فریال تالپور اور شہباز شریف کو ڈھیل حاصل ہے،ڈیل نہیں ہو سکتی،شیخ رشید



وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اس ملک میں کچھ بھی ہو سکتا ہے لیکن نواز شریف اور زرداری کی حکومت نہیں آ سکتی۔ فریال تالپور اور شہباز شریف کو ڈھیل حاصل ہے ڈیل نہیں ہو سکتی۔

لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں شیخ رشید نے بلاول کو سیاسی مشورہ بھی دیا۔ شیخ رشید نے کہا آصف زرداری چھاتی کے ساتھ پتے لگا کر تاش کھیلنے والا انسان ہے۔

شیخ رشید نے کہا بلاول کو سب سے پہلے اپنے باپ اور پھوپھی کے خلاف تحریک چلانا ہو گی۔جس دن بلاول یہ کہہ دے کہ زرداری اور فریال تالپور کو ٹکٹکی پر لٹکادیں اس دن بلاول کامیاب ہوجائیگا۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے خلاف سیریس کیس ہے ۔ وہ ایسے ہی بلاول کو بیچ میں رگڑ رہا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ انہوں نے شہباز شریف کواسلام آباد میں پولیس کی چار چار گاڑیوں کے ساتھ پھرتے دیکھا ہے۔یہ نہیں ہونا چاہیے۔ فریال تالپور اور شہباز شریف کو ڈھیل حاصل ہے ڈیل نہیں ہو سکتی۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ  ہم نے ریلوے میں پینتیس پیسنجرز ٹرین اور چار فریٹ ٹرینیں  چلانے کے بعد اب ایم ایل ون کے ساتھ ہائی اسپیڈ ریلوے کی طرف جا رہے ہیں۔ بجٹ میں ہمیں ایم ایل ون، دونوں یونیورسٹیز اور نالہ لئی کے لیئے پیسے مل گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں ایک ماہ میں کام مکمل ہو جائے گا۔ون ون سیون کو ایک موبائل فون کمپنی کے ساتھ منسلک کر رہے ہیں۔موبائل فون کمپنی کے دو سو بیس کال سینٹر ریلوے بکنگ کے کیئے بھی استعمال ہو سکیں گے۔ موبائل فون کمپنی تمام گاڑیوں میں وائی فائی کی سہولت بھی دیگی۔

شیخ رشید نے کہا تیس تاریخ کو عمران خان سرسید ایکسپریس کا راولپنڈی سے افتتاح کریں گے اور اس میں سفر بھی کریں گے۔ سرسید ایکسپریس راولپنڈی سے فیصل آباد اور وہاں سے کراچی جائے گی۔

وفاقی وزیر ریلوے نے بتایا کہ چوبیس گھنٹے ریزرویشن آفس کھولے رکھنے سے چالیس کروڑ زیادہ کا بزنس ملا۔  چوبیس اگست کو میں لاہور کے سامنے اپنے آپ کو پیش کروں گا۔بتاؤں گا خسارہ کتنا کم کیا۔

شیخ رشید نے کہا ہمارے پاس ٹوٹل فیول کپیسٹی ایک مہینے کی ہے۔اب ہمارے پاس بیس دن کا تیل موجود ہوتا ہے۔ مزید ڈپوز میں بھی اضافہ کرنے جا رہے ہیں۔ آج ہمارے پاس اکیس دن کا فیول ہے۔ ریلوے بک کے تحت ہمارے ہاس سات دن کا فیول ہونا چاہیئے۔

فریٹ ٹرین کے کرایوں میں فیول کی قیمتوں میں اضافے کےوجہ سے دس فیصد کا اضافہ کیاگیاہے۔

یہ بھی پڑھیے:ڈالر کا ریٹ نواز شریف اور آصف زرداری کی وجہ سے بڑھا ہے،شیخ رشید

شیخ رشید نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جہاں پیسنجر ٹرینوں سے نفع کمایا ہے۔فریٹ ٹرینوں کے ٹارگٹ کو بڑی مشکل سے پورا کیا ہے۔ پوری دنیا میں فریٹ ٹرینیں نفع دیتی ہیں۔ ہم اپنی فریٹ ٹرینیں بہتر کرنے جا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں