ویرات کوہلی کو آئیڈیل مانتا ہوں، بابر اعظم


لندن: پاکستان کے ابھرتے ہوئے کرکٹ اسٹار بابر اعظم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ویرات کوہلی کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں۔

ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان 16 جون کو ورلڈ کپ کا سب سے بڑا میچ ہونے جا رہا ہے۔

انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ویرات کوہلی کی بلے بازی کی ویڈیوز دیکھتے رہتے ہیں اور مختلف حالات میں بلے بازی کرنے کا طریقہ کار سیکھتے ہیں۔

24 سالہ بابر اعظم نے کہا کہ کوہلی کی جیت کی شرح بھارت کے لیے بہت بلند ہے، میں بھی اسی مثال کی پیروی کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دو سال قبل چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو دی گئی شکست کے باعث ٹیم کا اعتماد قائم ہے کہ وہ ایک بار پھر فتح حاصل کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے لیے بھارت کو ہرانا ناممکن ہے، سہواگ

یاد رہے کہ چیمئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 124 رنز سے شکست ہوئی تھی تاہم ٹورنامنٹ کے فائنل میں انہوں نے بھارت پر فتح حاصل کی تھی۔

بابر اعظم نے کہا کہ اس میچ میں بھارت پر 180 رنز سے فتح ہماری یاد سے کبھی محو نہیں ہو سکتی اور ہمارا جذبہ بڑھانے کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اتوار کو بھارت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، پوری ٹیم بہترین کارکردگی دکھانا چاہتی ہے۔

آخر میں ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارت کے پاس اچھے گیند باز موجود ہیں ہم نے انگلینڈ کے خلاف بہت اچھا کھیلا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ بھارتی گیند بازوں کا پوری طرح مقابلہ کریں گے۔

اتوار کو مانچسٹر میں ہونے والے اس بڑے مقابلے میں بابر اعظم پاکستان کے لیے بہت اہمیت رکھتے ہیں، وہ ویرات کوہلی کی ویڈیوز دیکھ کر اپنے انداز میں بہتری لا رہے ہیں۔

ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیم انگلینڈ کو شکست دینے میں بابر اعظم کے 63 رنز کا بہت کردار تھا جس کی مدد سے پاکستان آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنا پایا تھا۔

پاکستان نے ورلڈ کپ میں اب تک یہی واحد میچ جیتا ہے، انہیں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سری لنکا کے خلاف میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں