سمندری طوفان ’وایو‘ کراچی کے ساحل سے چند سو کلومیٹر کی دوری پر


سمندری طوفان ’وایو‘ کراچی کے ساحل سے چند سو کلومیٹر کی دوری پر ہے ۔ شہر کو طوفان سے تو کوئی خطرہ نہیں تاہم گرمی نے شہریوں کا برا حال کر رکھا ہے ۔ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی مشکلات میں اور اضافہ کر دیا ہے ۔

کراچی کی طرف بڑھتا سمندری طوفان ’وایو‘ اپنے اثرات دکھا رہا ہے ۔شہر میں سمندری ہوائیں بند اور گرمی اپنے عروج پر ہے ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی آج بھی ہیٹ ویوکی لپیٹ میں رہے گا ۔درجہ حرارت چالیس سے بیالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جائے گا ۔

صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب ساٹھ سے ستر اور شام میں تیس سے چالیس فی صد رہنے کا امکان ہے ۔

سمندری طوفان کے سبب کراچی سمیت سندھ کے دیگر ساحلی علاقوں ٹھٹہ، بدین اور تھر پارکر میں آندھی کے ساتھ بادل برس سکتے ہیں ۔

کراچی میں شدید گرمی کے ساتھ کے الیکٹرک بھی شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی ۔گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا تو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی ۔گرم موسم کے ستائے شہری کئی کئی گھنٹے بجلی سے محروم ہیں ۔

شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 15گھنٹے تک پہنچ گیا۔نارتھ ناظم آباد، کھوکراپار، شاہ فیصل کالونی اور ایئرپورٹ کے اطراف میں دن کے بعد رات میں بھی بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا۔ تاہم جنوب مشرقی سندھ(میرپورخاص، حیدرآباد اور کراچی ڈویژن) میں کہیں کہیں پر تیزگردآلودآندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش گلگت بلتستان کے علاقوں  بگروٹ، بونجی06، استور05، ہنزہ04، گلگت، سکردو02، چلاس01، خیبرپختونخوا: دیر05 ملی میٹرریکارڈ کی گئی۔

آج ریکارڈ کیےگئےگرم ترین مقامات میں سبی، تربت47، گوادر، نورپورتھل46، جیک آباد اور جیوانی میں45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں