آسٹریلیا کیخلاف پاکستانی فیلڈنگ سے نالاں یہ شخص کون ہے؟


گزشتہ روز آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کو 41 رنز سے شکست ہوئی۔ ورلڈ کپ میں یہ قومی ٹیم کی دوسری شکست تھی اور یہ کہا جائے کہ پاکستان نے اپنی ناقص فیلڈنگ کی وجہ سے یہ میچ ہارا تو یہ غلط نہ ہوگا۔

پاکستان نے اس میچ میں کئی اہم کیچ چھوڑے جن میں دو سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ کے تھے جنہوں نے بالترتیب 107 اور 82 رنز بنائے۔

کیچز ڈراپ کرنے کے بعد تماشائی عموماً کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں تاہم ایک مداح پاکستانی سوشل میڈیا پر میم کی شکل میں گردش کررہا ہے جن کا نام اختر ملک ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ وہ آسٹریلیا بمقابلہ پاکستان میچ دیکھنے لندن سے ساڑھے تین گھنٹے کا سفر کرکے پہنچے تھے تاہم پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے کیچز ڈراپ کرنا مایوس کن تھا۔

آصف علی کی جانب سے ڈیوڈ وارنر کا تھرڈ مین پر آسان ترین کیچ ڈراپ ہوتا دیکھ اختر ملک کا کہنا تھا ’اپنی آنکھوں کے سامنے اتنا آسان کیچ ڈراپ ہوتا دیکھنا بہت مشکل تھا اور میرے تاثرات میں یہ بات واضح تھی۔‘

مزید پڑھیں: عامر کی پانچ وکٹیں رائیگاں، آسٹریلیا 41 رنز سے کامیاب

اختر ملک نے کہا کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور پاکستان کی آؤٹ فیلڈنگ بہتر رہی تاہم کیچنگ بہت خراب تھی۔

محمد عامر کی کارکردگی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایک طویل عرصے کے بعد محمد عامر کو اس طرح بولنگ کرتے دیکھا۔

’انہوں نے تیز بولنگ کی اور ایسی پرفارمنس سے ہم جیسے شائقین کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ لندن میں رہتے ہیں اور کئی گھنٹوں کا سفر کرکے صرف میچ دیکھنے ٹانٹن پہنچے تھے۔

اختر اب سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکے ہیں اور لوگ ان کی تصویر کے ساتھ میمز بناکر شیئر کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں