حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی پارٹی اجلاس آج ہونگے

حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی پارٹی اجلاس آج ہونگے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جو آج سہ پہر ایک بجے پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی سربراہی وزیراعظم کریں گے۔ اجلاس میں ارکان کو بجٹ کے حوالے سے بریف کیا جائیگا۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد کابینہ کا اجلاس ہوگا۔ اجلاس میں حکومتی اتحادی جماعتوں کے اراکین بھی شریک ہونگے۔

وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں مالی سال 20-2019 کے بجٹ پیش کیا جائیگا۔اجلاس  میں بجٹ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور منظوری بھی دی جائے گی۔

ملکی تاریخ کے سب سے بڑے خسارے کا بجٹ کابینہ اجلاس میں منظوری کے بعد آج ہی قومی اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ 6 ہزار 8 سو ارب روپے سے زائد کے وفاقی بجٹ کی منظوری دے گی جبکہ بجٹ 3 ہزار ارب روپے سے زائد خسارے کا ہو سکتا ہے۔ دفاع کے لیے بجٹ میں 12 سو 50 ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاہم دفاعی بجٹ رواں مالی سال کے دفاعی اخراجات سے کم ہو گا۔

قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے 2 ہزار 500 ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کرنے کی تجویز ہے اور وفاق کے ترقیاتی پروگرام کے لیے 925 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی۔

ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف 5 ہزار 550 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ نان ٹیکس آمدن کا تخمینہ ایک ہزار 250 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ اسی طرح چینی پر سیلز ٹیکس 8 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کرنے کی بھی تجویز ہے۔ بجٹ میں مڈل مین کی آمدن پر بھی انکم ٹیکس عائد کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 3ہزار ارب روپے خسارے کا بجٹ آج پیش کیا جائیگا

بجٹ میں پولٹری مصنوعات، الیکٹرونک مصنوعات سمیت درجنوں اشیا پر ٹیکس اور ڈیوٹیوں میں اضافہ سے متعلق بھی تجویز ہے، لگثرری اشیا کی درآمد پر بھی 2 فیصد اضافی ڈیوٹی کو بڑھا کر 3 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔

ادھر اپوزیشن جماعتوں نے بھی بجٹ اجلاس سے قبل تمام ارکان قومی اسمبلی کا مشترکہ پارلیمانی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ پارلیمانی اجلاس سہہ پہر چار بجے پارلیمنٹ ہاوس میں ہوگا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی سمیت دیگر جماعتوں نے الگ بلائے گئے پارلیمانی اجلاس منسوخ کردئیے ہیں۔ اپوزیشن کے مشترکہ پارلیمانی اجلاس میں بجٹ سیشن میں مشترکہ حکمت عملی پر غور کیاجائے گا۔
مسلم لیگ  ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ بجٹ اجلاس میں مشترکہ نکات کی تیاری، عوام دشمن بجٹ کی مزاحمت پر لائحہ عمل مرتب کیاجائے گا۔


متعلقہ خبریں