شہباز شریف لندن سے پاکستان کیلئے روانہ


لندن: قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف برطانیہ سے وطن واپسی کے لیے برطانیہ سے روانہ ہوگئے ہیں۔

اس سے قبل شہباز شریف وطن واپسی کے لئے لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ پہنچے تاہم ان کی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 758 لندن ہیتھرو ٹرمینل تھری سے پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے پاکستان روانہ ہونا تھی تاہم ایئر ٹریفک کنٹرول کی اجازت نہ ملنے پر جہاز نے اڑان نہیں بھری۔

پی آئی اے مینجر ہیتھرو ائیر پورٹ کے مطابق پرواز نے تقریباً پاکستانی وقت 9 بج کر 57 منٹ پر ٹیک آف کیا۔

پاکستان روانگی سے قبل شہبازشریف نے لندن میں اپنے اہل خانہ اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے ملاقات کی بعد ازاں  ہیتھروایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ کمر کی تکلیف کے باعث  علاج کی غرض سے  لندن آیا تھا ،میری تمام ٹیسٹ رپورٹس تسلی بخش ہیں تاہم علاج ابھی جاری ہے۔

قائد حزب اختلاف  نے کہا کہ حکومت مخالف احتجاج کا فیصلہ تمام اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے ہوگا ۔

شہبازشریف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیوں کا ہرفورم پر سامنا کروں گا، میرے خلاف غلط خبریں پھلانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتا ہوں۔


متعلقہ خبریں