پاک سری لنکا میچ منسوخ ہونے کا نقصان کس کو زیادہ؟


پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

تاہم یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ میچ منسوخ ہونے کی وجہ سے کس ٹیم کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات زیادہ متاثر ہوں گے؟

میچ شروع ہونے سے قبل پاکستانی ٹیم آٹھویں جبکہ سری لنکا ساتویں نمبر پر تھی۔ اب گرین شرٹس چوتھے جبکہ سری لنکن ٹیم تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔

مزید پڑھیں: پاک سری لنکا میچ: کم از کم کتنے اوورز کا کھیل ضروری ہے؟

تاہم کرکٹ ماہرین کا خیال ہے کہ میچ منسوخ ہونے سے قومی ٹیم کو زیادہ نقصان ہوا کیوں کہ یہ وہ میچ ہے جس کے بارے میں توقع تھی کہ پاکستان اس میں کامیاب رہے گا کیوں کہ سری لنکن ٹیم کی ٹورنامنٹ میں اب تک کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے اور بظاہر افغانستان کے بعد ٹورنامنٹ کی سب سے کمزور ٹیم نظر آرہی ہے۔

دوسری جانب پاکستانی ٹیم نے کچھ روز قبل ہی ٹورنامنٹ فیورٹ انگلینڈ کو شکست دی تھی تاہم اس شاندار فتح کے باوجود پاکستان کا رن ریٹ منفی 2.41 ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک سری لنکا میچ بارش کے باعث منسوخ

قومی ٹیم کے پاس سری لنکا کو اچھے مارجن سے ہراکر اپنا رن ریٹ  بہتر کرنے کا نایاب موقع تھا۔

اگر ماضی کے مقابلوں پر نظر ڈالیں تو سری لنکا اور پاکستان کی ٹیمیں ورلڈ کپ مقابلوں میں سات مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں اور ساتوں مرتبہ قومی ٹیم کو فتح نصیب ہوئی ہے۔

یہ پہلا موقع ہے جب سری لنکن ٹیم کو عالمی کپ کے دوران پاکستان کے خلاف شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔


متعلقہ خبریں