اسلام آباد: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ رمضان انسان کے تزکیہ نفس کی تربیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ باقی 11 ماہ بھی ماہ صیام میں حاصل کی گئی تربیت کے مطابق گزاریں۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے قوم کو عید کی مبارکباد دی ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ حکومت بہت جلد وطن عزیز کو معاشی اور معاشرتی مشکلات سے نکال لے گی.
انہوں نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کا مقصد مسلمانوں میں اتحاد، اخوت اور سخاوت کوفروغ دینا ہے، ضرورت مند عزیز و اقارب کو بھی عیدکی خوشیوں میں شریک کریں، بخل، حسد،لالچ اور نفرت جیسے منفی رجحانات پرقابو پا کرسخاوت کو فروغ دیں.
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت نے ترقی وخوش حالی کے لیے صحیح سمت میں سفرکا آغاز کر دیا ہے، بہت جلد وطن عزیز کو معاشی ومعاشرتی مشکلات سے نکالیں گے اور ریاست مدینہ کی طرزپرفلاحی ریاست میں ڈھالنےمیں کامیاب ہوں گے.
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ہم وطنوں کو عید کی مبارک باد دی ہے اور کہا ہے کہ وہ پاکستان اور خطے سمیت پوری دنیا میں امن و خوشحالی کے لیئے دعاگو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی اصل روح صبر و عاجزی ہے، اس جذبے کی رمضان کے بعد بھی پیروی کی جاتی رہنی چاہیئے۔
بلاول زرداری نے کہا کہ عید کے موقعے پر وہ ملک کے ان عوام کے لیئے فکرمند ہیں جو مہنگائی اور بے روزگاری کے نتیجے میں گذر بسر نہ ہونے کے باعث آہیں بھرنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آسودہ حال افراد کو معاشرے کے غریب بھائیوں سے عید کی خوشیاں بانٹنی چاہیئں اور ملک میں امن کی خاطر جانیں قربان کرنے اور ظلم کا شکار لوگوں کو بھی یاد رکھنا چاہیئے۔