اسلام آباد: ورلڈکپ 2019 میں پہلا میچ جیتنے پر قومی ٹیم پر انعامات کی بارش شروع ہو گئی۔ سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی شاندار جیت پر 10 ہزار ڈالر کے انعام کا اعلان کر دیا۔
سابق چیئرمین پی سی بی ڈاکٹر نسیم اشرف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ رقم پاکستان کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے ہے۔ ہمیں اپنی ٹیم کی ہمت بڑھانی چاہیے اور قومی ٹیم کی شکست پر زیادہ تنقید اور طعنے نہیں دینے چاہیئیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ 2019 میں پاکستان نے گزشتہ روز اپنے دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 14 رنز سے شکست دی تھی جبکہ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس پر ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کیلیے جاوید میاں داد کا مشورہ
ورلڈکپ 2019 کے چھٹے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹگ کرتے ہوئے 349 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم روٹ اور بٹلر کی سینچریوں کے باوجود 9 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز ہی بنا سکی۔
اس سے قبل مئی 2019 میں بھی پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی گئی تھی جس میں قومی ٹیم کو 5-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان اور انگلینڈ ورلڈ کپ میں نو بار آمنے سامنے آچکے ہیں اور دونوں ٹیمیں 4، 4 بار فاتح رہیں۔ 1992 کے ورلڈ میں کھیلا گیا میچ برابر رہا جس کے ایک پوائنٹ کی بدولت پاکستان سیمی فائنل میں پہنچا تھا۔