نئی دہلی: چینی سرحد کے قریب بھارتی فضائیہ کا فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ لاپتا ہو گیا ہے، طیارے میں 13 افراد سوار ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فوجی ٹرانسپورٹ طیارے اے این 32 میں عملے کے 8 ارکان اور پانچ مسافر سوار ہیں۔
بھارتی ٹرانسپورٹ طیارے نے آسام کے جورہاٹ علاقے سے دوپہر بارہ بج کر پچیس منٹ پر ریاست اروناچل پردیش کے علاقے مینچکا کی ایک دور افتادہ فوجی پٹی کے لیے اڑان بھری تھی، طیارے کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے آخری رابطہ دوپہر ایک بجے کے قریب ہوا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جورہاٹ سے مینچکا تک کا سفر تقریباً 55 منٹ میں طے ہوتا ہے۔
بھارتی فضائیہ نے سی 130 اور سکھوئی 30 جنگی طیاروں کو گمشدہ طیارے کی تلاش کے لیے روانہ کیا ہے۔
بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے مطابق انہیں وائس مارشل ایئر مارشل راکیش سنگھ نے طیارے کو تلاش کرنے کے حوالے کیے جانے والے اقدامات پر آگاہ کیا ہے۔
2016 میں خلیج بنگال میں ایک اور اے این 32 طیارہ گرکر تباہ ہوگیا تھا جس میں 29 مسافر سوار تھے۔