اسلام آباد: برٹش ائرویز 11 سال بعد آج سے پاکستان کے لیے اپنی فلائٹ آپریشن کا آغاز کر رہی ہے۔
برطانوی وقت کے مطابق برٹش ائرویز کی پہلی پرواز بی اے ڈبلیو 261 رات 9 بجے لندن سے اسلام آباد روانہ ہو گی جو پیر کی صبح 9 بج کر 25 منٹ پر اسلام آباد پہنچے گی جبکہ پاکستان سے برٹش ائرویز کی پہلی پرواز بی اے ڈبلیو 260 پیر کو دن 11 بجے لندن روانہ ہو گی۔
برٹش ایئر ویز کی پہلی پرواز 240 مسافروں کو لے کر پاکستان پہنچے گی جہاں مسافروں کا استقبال وفاقی وزیر برائے سول ایوی ایشن غلام سرور خان، سیکریٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت، عبدالرزاق داؤد اور برطانوی ہائی کمیشن کے اعلیٰ حکام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں برٹش ایئرویز کو پاکستان پروازوں کی بحالی پر خوشی ہے، برطانیہ
برٹش ائر ویز کی ہفتے میں 3 پروازیں لندن سے اسلام آباد اور اسلام آباد سے لندن روانہ ہوا کریں گی۔
واضح رہے کہ برطانوی فضائی کمپنی نے 11 سال پہلے پاکستان کے لیے آپریشنز بند کردیے تھے، برٹش ائرویز نے 2008 میں اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل بم دھماکے کے بعد اپنا آپریشن معطل کیا تھا۔
پاکستان میں ائرپورٹس پر فائرنگ اور دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے بعد کچھ غیر ملکی ائر لائنز نے بھی پاکستان میں اپنے فلائٹ آپریشنز معطل کر دیے تھے۔
چار سال قبل ہانگ کانگ کی نجی ایئرلائن کیتھے پیسیفک نے بھی کراچی ایئرپورٹ پر 8 جون کو ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کے بعد ہی اپنا فلائٹ آپریشن غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا اعلان کردیا تھا۔