ویسٹ انڈیز سے شکست کے باوجود عامر پرامید

فائل فوٹو


پاکستان ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ باؤلر محمد عامر نے کہا ہے کہ چمپیئنز ٹرافی میں بھی ہم پہلا میچ ہار گئے تھے تاہم اس شکست کے بعد ٹیم نے ٹورنامنٹ میں واپسی کی۔

ایک انٹرویو کے دوران پاکستان کی ویسٹ انڈیز سے شکست کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مثبت سوچ کے ساتھ ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنا ہو گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک فاسٹ باؤلر کو تب ہی اعتماد آتا ہے جب وہ وکٹیں حاصل کر رہا ہو اور میری حالیہ کارکردگی پر نظر دوڑائیں تو معلوم ہو گا کہ میں وکٹیں حاصل نہیں کر پا رہا تھا۔

عامر نے کہا کہ اب میں وکٹیں لے رہا ہوں جو کہ میرے اعتماد میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیم کے لئے بھی فائدہ مند ہے اور بحیثیت اسٹرائک باؤلر یہ میری ذمہ داری بھی ہے کہ میچ میں جلد وکٹیں لوں۔

خیال رہے عالمی کپ 2019 کے دوسرے میچ میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دی تھی، اس میچ کے مثبت پہلو پر بات کریں تو محمد عامر کا فارم میں آنا سب سے خوش آئند پہلو تھا۔عامر نے اس میچ میں تین وکٹیں حاصل کی تھی۔

 


متعلقہ خبریں