وزیراعظم کی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی اپیل

اگر نیب کیسز میں رعایت دینی ہے تو اپوزیشن سے مکالمے کا کیا فائدہ؟ وزیر اعظم

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنے پیغام میں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ہے۔

اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ 22 کروڑ پاکستانیوں میں سے صرف ایک فیصد ٹیکس فائلر ہیں یعنی کہ صرف ایک فیصد پاکستانی 22 کروڑ پاکستانیوں کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک ٹیکس کے پیسوں کے بغیر اپنی عوام کی خدمت کر ہی نہیں سکتا۔

’لوگوں کے ٹیکس نہ دینے کی وجہ سے نہ ہم اسپتال بنا سکتے ہیں اور نہ بچوں کے لیے اسکول، نہ انفرااسٹرکچر ٹھیک کرسکتے ہیں اور حکومت کو قرضے بھی لینے پڑتے ہیں۔‘

عمران خان نے کہا کہ ہم آپ کے لیے ایک اسکیم لے کر آئے ہیں جس کے تحت آپ اپنے اثاثوں کو ڈکلیئر کریں، یہ آسان ہے اور اس کی مدت 30 جون تک ہے۔

’یہ ایک موقع ہے کہ جو آپ کی بے نامی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹس ہیں انہیں ڈکلیئر کردیں، یہ موقع آپ کو 30 جون کے بعد نہیں ملے گا۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ اداروں کے پاس روزانہ کی بنیادوں پر معلومات آرہی ہیں، جن کے باہر اثاثے ہیں یا پاکستان میں یہ ساری معلومات آرہی ہیں۔

’زیادہ اچھا یہ ہے کہ آپ اپنے اثاثے ڈکلیئر کرکے پاکستان کی خدمت کریں، اس سے ہم اپنے بچوں کا مستقبل ٹھیک کرسکتے ہیں، ہم اپنے ملک کو اپنے پیر پر کھڑا کرسکتے ہیں، ہم اپنے غریب لوگوں کو اوپر اٹھاسکتے ہیں اور سب سے بڑی بات یہ کہ آپ بھی سکون کی نیند سوسکتے ہیں۔‘

انہوں نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ کے اثاثے ڈکلیئر ہوں گے تو آپ کو بھی فکر نہیں ہوگی کہ ادارے آپ کو تنگ کریں گے، یہ مشکل معاشی وقت جو اس وقت ملک پر آیا ہوا ہے ہم اس سے بھی نکل جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں آپ کو ضمانت دیتا ہوں کہ آپ کا ٹیکس کا پیسہ آپ پر اور اس ملک پر خرچ ہوگا، میں آپ کا یہ پیسہ چوری نہیں ہونے دوں گا۔


متعلقہ خبریں