ورلڈ کپ کون سی ٹیم جیتے گی؟ ماہرین کی رائے


عالمی کپ 2019 شروع ہونے میں محض چند گھنٹوں کا ہی وقت رہ گیا ہے اور اس مرتبہ تقریباً ہر ٹیم ہی مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔ ماہرین نے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے حوالے سے اپنی رائے دی ہے۔

سابق انگلش کپتان مائیکل وان

انگلینڈ اس وقت دنیا میں نمبر ون ٹیم ہے، کوئی وجہ نہیں کہ ہوم گراونڈ پر یہ سیمی فائنل تک نہ پہنچے۔ ان کا ایونٹ میں امتحان ہوگا لیکن میرے خیال میں وہ ہی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی ٹیم میں اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی واپسی سے نئی روح پھونکی گئی ہے، اس کے علاوہ ان کا باؤلنگ اٹیک بھی سب سے زبردست ہے۔

بھارت کے پاس دنیا کا سب سے بہترین بلے باز ویرات کوہلی اور سب سے بہترین باؤلر جسپریت بمرہ موجود ہے۔

مائیکل وان نے کہا کہ پاکستان پاکستان ہے، چار نمایاں ٹیموں میں یہ بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائی گی۔

92 عالمی کپ میں انگلش ٹیم کے رکن فل ٹفنینل

فل ٹفنینل کے مطابق آسٹریلیا، بھارت، پاکستان اور انگلینڈ ورلڈ کپ کی بہترین ٹیمیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے پاس سب سے اچھا باؤلنگ اٹیک ہے۔ بھارت کے پاس بیٹنگ کا بے شمار ٹیلنٹ موجود ہے جبکہ پاکستانی ٹیم یہ جانتی ہے کہ بڑے ایونٹ کو کیسے کھیل کر اسے جیتنا ہے۔ ان سب کے باوجود انگلینڈ کی ٹیم سب سے بہترین ہے اور وہی ورلڈ کپ جیتے گی۔

سابق پاکستانی کپتان وقار یونس

وقار یونس نے کہا کہ ورلڈ کپ کا فارمیٹ ایسا ہے کہ جو ٹیم فارم میں ہوگی وہ ہی ٹاپ فور تک رسائی حاصل کرسکے گی۔ایونٹ جیتنے کے لیے انگلینڈ کی ٹیم سب سے فیورٹ ہے، آسٹریلوی ٹیم کا اعتماد واپس آرہا ہے جبکہ برصغیر میں بھارت سے سب سے توقعات ہیں۔

وقار یونس کے مطابق ان کا دل چوتھی ٹیم پاکستان کا انتخاب کررہا ہے لیکن نیوزی لینڈ وہ چوتھی ٹیم ہوگی جو ٹاپ فور تک پہنچے گی۔

سابق انگلش کرکٹر ایلکس اسٹیوارٹ

سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیموں میں انگلینڈ، بھارت، آسٹریلیا اور اگر ڈیل اسٹین فٹ رہے تو جنوبی افریقہ کی ٹیم ہوگی۔ انگلینڈ کی ٹیم ہر شعبے میں مضبوط ہے، بھارت کے پاس بھی بہترین کھلاڑی ہیں، آسٹریلوی ٹیم عروج کی طرف جانا شروع ہوگئی ہے اور جنوبی افریقہ کا ایک کھلاڑی بہت کچھ بدل سکتا ہے۔ ایونٹ جیتنے کے لیے انگلینڈ کی ٹیم سب سے فیورٹ ہے۔

83 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی وک مارکس

انگلینڈ اور بھارت سب سے بہترین ٹیمیں ہیں، ٹاپ فور میں انہیں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جوائن کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ اس لیے وہاں پہنچے گی کہ کوئی اس سے توقع ہی نہیں کررہا۔ میرے خیال میں یہ ورلڈ کپ آسٹریلیا کی ٹیم جیتے گی۔


متعلقہ خبریں