تحریک انصاف کے رہنما عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کو 26ملین ڈالرز کا حساب دینا ہوگا کیونکہ وہ آج تک نہیں بتا سکے کہ 26ملین ڈالر شریف ٹبر کے اکائونٹ میں ٹی ٹی کے ذریعے کیوں اور کیسے آیا؟
حمزہ شہباز کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں عمر سرفراز چیمہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حمزہ کی پریس کانفرنس میں رونے دھونے اور نیب کو بلیک میل کرنے کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ پریس کانفرنسوں میں اداروں کو بلیک میل کرنے سے تھوڑی جان چھوٹے گی؟میڈیا کے سامنے بڑھکیں جبکہ عدالت میں پیش کرنے کو کوئی ثبوت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے چوری، کرپشن، منی لانڈرنگ کا جواب دینے کی بجائے پورا ٹبر کبھی نیب، کبھی جے آئی ٹی، کبھی عدالت اور کبھی فوج پر حملے کررہا ہے۔پانامہ لیکس کے بعد سے اب تک یہ خاندان احتساب سے بچنے کیلئے صرف دھونس اور دھمکیوں کا استعمال کرتا آیا ہے۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا حمزہ کے والد سمیت خاندان کے کلیدی افراد مفرور ہیں یا نیب میں زیرِ تفتیش ہیں۔ سیاست کی سیڑھی استعمال کرکے یہ خاندان ملک کا کرپٹ ترین خاندان بن چکا ہے ۔
یہ بھی پڑھیے:حمزہ شہباز کا اظہار عدم اطمینان، ہائیکورٹ کا بنچ مقدمے سے الگ
انہوں نے کہا کہ جمہوریت سے حمزہ شہباز اورانکے خاندان کا دور دور تک تعلق نہیں ہے ۔