کرتارپور راہداری پر 70 فیصد کام مکمل

کرتارپور راہداری پر 70 فیصد کام مکمل

شکرگڑھ: کرتارپور راہداری منصوبے پر24 گھنٹے کام جاری ہے اور اب تک 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق زیرو لائن تک سڑک اور سرحد پر ٹرمینل تکمیل کے قریب ہیں، دریائے راوی پر800 میٹر طویل پل کا 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ نالہ بئیں کا رخ موڑ کر اسے دریائے راوی میں شامل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انٹری پوائن، تالاب، انگھیٹا صاحب اور گرنتھی ہاؤس کی تعمیر جاری ہے، لنگر حال، بارہ دری، پارکنگ، واش روم اور ایڈمنسٹریشن بلاک کی تعمیرآخری مراحل میں ہے، سرحد پر قائم ہونے والے  ٹرمینل میں یاتریوں کے لئے 100 کاؤنٹر بنیں گے۔

کرتارپور راہداری کے پہلے مرحلے میں 700 یاتریوں کے لئے رہائشی عمارت مکمل کی جا رہی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں 10 ہزار یاتریوں کے لئے مزید 5 رہائشی عمارتیں بنیں گی۔

راہداری منصوبے کا پہلا مرحلہ ستمبر جبکہ دوسرے مر حلےکی تکمیل 2022 میں متوقع ہے۔

انتظامیہ نے 1493 ایکڑ زمین کی خریدو فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے، دربار اور احاطہ کے لیے 10 ایکڑ جبکہ کاشتکاری کے لئے 36 ایکڑ زمین مختص کی گئی ہے۔ مالکان کو حکومت کی جانب سے معاوضہ دے کر زمین حاصل کی جائے گی۔

اسی طرح گردوارہ کمپلیکس کے لئے 408 ایکڑ، بارڈر ٹرمینل، سڑکوں اور پارکنگ کے لئے 214 ایکڑ رقبہ مختص کیا گیا ہے، دوسرے مرحلے اور مستقبل کے منصوبوں کے لئے 871 ایکڑ رقبہ الگ سے مختص ہے۔


متعلقہ خبریں