محکمہ توانائی پنجاب نے بجلی کی بچت کیلئے نیا پلان تیار کرلیا ہے جسکے تحت صوبے کی مختلف نوے ہزارسرکاری عمارتوں میں لگے برقی قمقمے اور پنکھے پھر سے تبدیل کیے جائینگے۔ برقی آلات کی تبدیلی کا یہ پروگرام دوہزار تئیس تک چلایا جائے گا۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے لیے پنجاب گرین ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت عالمی بنک تین ارب تہتر کروڑ روپے دے گا۔
نئے پلان کے تحت سرکاری اسکولوں ، کالجز ، یونیورسٹیز ، سرکاری محکمے ، ضلعی حکومتوں کے دفاتر اور کارپوریشن سمیت یونین کونسلز اوردیگر تمام اداروں کی عمارات میں برقی آلات تبدیل ہونگے۔
محکمہ توانائی کےحکام کے مطابق یہ پروگرام مرحلہ وار دوہزار تئیس تک چلایا جائے گا ۔
پنجاب کے صوبائی محکموں کے بجلی کے بلوں کے اخراجات بڑھنے کے باعث یہ منصوبہ تیار کیا گیاہے ۔
یہ بھی پڑھیے:پنجاب کے ترقیاتی بجٹ میں صرف 23 ارب 80 کروڑ روپے کے اضافے کی تجویز
نئے پلان کے تحت دس لاکھ برقی قمقمے اوردو لاکھ پچیس ہزار پنکھے تبدیل کیے جائینگے جو انرجی سیونگ ٹیکنالوجی سے تیارکیے گئے ہونگے ۔
اس سے قبل گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں بھی چار ہزار چھ سو لائٹس اور ایک ہزار چار سو چھبیس پنکھے تبدیل کیے جاچکے ہیں۔