کراچی: قومی ادارہ برائے امراض قلب مالی بحران سے دوچار


کراچی: قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) میں مالی بحران شدت اختیار کرگیا ہے. اسپتال میں دل کے مریضوں کے لیے ادویات کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور ضروری آلات ناپید ہوگئے ہیں۔ فنڈز کی عدم دستیابی سے  انتظامی امور بھی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر نے اسپتال کی مالی صورتحال کے متعلق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو باقاعدہ خط لکھا ہے۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مالی بحران کے سبب کراچی کے مرکزی اسپتال سمیت آٹھ سیٹلائیٹ سینٹرز پر ادویات اور طبی آلات کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ڈاکٹر ندیم قمر نے لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ کراچی کے لیاری سینٹر، نواب شاہ سینٹر، مھٹی سینٹر اور خیرپور سینٹر کے لیے بھی حکومت نے ابھی تک فنڈز فراہم نہیں کیے ہیں۔

قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر نے خبردار کیا ہے کہ فنڈز فراہم نہ کرنے کی صورت میں اسپتال آنے والے مریضوں کو مزید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق عدم ادائیگیوں کی وجہ سے پہلے ہی ٹھیکیداروں نے این آئی سی وی ڈی کو ادویات اور طبی آلات کی فراہمی سے انکار کردیا ہے۔

قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر حیدرآباد سندھ سے تعلق رکھنے والےپی پی پی کےسینیٹر سید قمرالزماں شاہ کے بیٹے اور پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی سید نوید قمرالزماں شاہ کے بھائی ہیں۔


متعلقہ خبریں