‘میں الیکٹرک کار کے انتظار میں ہوں ‘



لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں الیکٹرک کار کی تیاری کا انتظار کر رہے ہیں۔ اس سے ملک میں فضائی آلودگی میں کمی آئے گی۔

وزیراعظم نے لاہور میں جے ڈبلیو فور لینڈ کار پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے انتظار ہے کہ کب ہم پاکستان میں الیکٹرک کار تیار کر کے برآمد بھی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ملک میں سرمایہ کاری آتی ہے تو لوگوں کو روزگار اور حکومت کو ٹیکس ملتا ہے۔ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کریں۔

یہ بھی پڑھیں:سارے مشکل کام ہم کریں گے، عمران خان

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرخ فیتا سرمایہ کاروں کیلئے سب سے بڑی رکاوٹ ہے جس کی وجہ سے لوگ دبئی اور دوسرے ممالک میں کاروبار کرتے ہیں اور ہمارے ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو روزگار دینا ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے۔ جے ڈبلیو فور لینڈ کار پلانٹ لگنے سے 40 ہزار لوگوں کو روزگار ملے گا۔

قبل ازیں رینالہ خورد میں نیا ہاؤسنگ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 40 صنعتیں صرف تعمیر کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں اور جب گھروں کی تعمیر شروع ہو گی تو مزید 40 صنعتیں کام شروع کریں گی جس سے لوگوں کو روزگار ملے گا۔


متعلقہ خبریں