سانحہ کرائسٹ چرچ: ایک اور زخمی خالق حقیقی سے جا ملا

سانحہ کرائسٹ چرچ: ایک اور زخمی خالق حقیقی سے جا ملا

کرائسٹ چرچ: سانحہ کرائسٹ چرچ کا ایک اور زخمی دوران علاج خالق حقیقی سے جا ملا۔ اس طرح نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد میں ہونے والی دہشت گردی کے شہدا کی تعداد 51 ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مساجد میں موجود افراد پرسفید فام نسل پرست دہشت گرد نے اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 50 افراد شہید اور 47 زخمی ہوگئے تھے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق سانحہ کرائسٹ چرچ کے زخمیوں میں شامل 46 سالہ شخص انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل تھا جو آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دنیائے فانی سے کوچ کر گیا۔

خبررساں ادارے کے مطابق شہید ہونے والے شخص کے لواحقین نے اس ضمن میں کسی بھی قسم کی معلومات نہ دینے کی درخواست کی ہے جس کی وجہ سے اسپتال انتظامیہ نے خاموشی اختیار کی ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق شہید ہونے والے شخص کی نماز جنازہ آج ہی ادا کردی جائے گی۔

آسٹریلیا کے شہری برینٹن ٹیرینٹ نے 15 مارچ کو دہشت گردانہ کارروائی کرتے ہوئے بے گناہ شہریوں کو شہید و زخمی کیا تھا۔ دہشت گرد پر 50 افراد کو قتل اور39 کے اقدام قتل کی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں