اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف مزدور کی عظمت پر یقین رکھتی ہے اور آج کا تاریخی دن دنیا بھر کے مزدوروں کے لیے مشعل راہ ہے۔
عالمی یوم مزدور پر جاری کردہ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شکاگو میں مزدوروں کی شاندار جہدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے دو دہائیوں سے زیادہ جدوجہد کی ہے اور آج سے ہم ’مزدور کا احساس پروگرام‘ کا آغاز کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پروگرام غربت کے خاتمے کے حوالے سے اہم قدم ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے بھی پروگرام کے تحت اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں محنت کش کا کلیدی کردار ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ لیبرمارکیٹ کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اوراس کو ریگولیٹ کرنے پر بھی توجہ مرکوز کر رہے ہیں جب کہ بیرون ملک مزدوروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ممالک سے بھی بات کریں گے۔
عالمی یوم مزدور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ مزدور کے لیے حالات کار تبدیل کرکے حقیقی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم ہی دنیا میں حقیقی اور پائیدار امن و ترقی کی کلید ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے یوم مئی پر شکاگو کے محنت کشوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مزدورں کے خون کی عظمت کا اعتراف ہے کہ ہر برس یوم مئی کو تجدید عہد ایک نئے عزم کے ساتھ منایا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مزدوروں نے اپنے حقوق کے لیے جس جدوجہد کا صدیوں قبل آغاز کیا تھا وہ مختلف مراحل سے گزر کر آج بھی جاری ہے اور برسوں پہلے جن مزدوروں کا خون بہا تھا وہ آج بھی رنگ دکھا رہا ہے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا کہ طبقات میں سماجی انصاف کے ذریعے ہم آہنگی لاکر نفرتوں اور کلاس سسٹم کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حقیقی تبدیلی کے لیے تمام سیاسی فریقین کو مشترکہ نکات پر مبنی ’میثاق معیشت‘ لکھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے زور دے کر کہا کہ موجودہ دور میں مزدوروں کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 18 ہزار روپے کی جائے۔ انہوں نے اس ضمن میں متعدد دیگر ضروری اقدامات اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا۔
پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے کہا کہ بدقسمتی سے موجودہ دور حکومت میں مزدوروں، محنت کشوں اور دیہاڑی دار سمیت تنخواہ دار اور کمزور طبقات پس کررہ گئے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے دعویٰ کیا کہ ہمیں دوبارہ موقع ملا تو اسلام کی روشن روایات اور احکامات کی روشنی میں محنت کشوں، مزدورں اور کمزور طبقات کے لیے ٹھوس اقدامات کریں گے تاکہ ان کی زندگی میں حقیقی تبدیلی آئے۔