ٹانک: اسسٹنٹ کمشنر سمیت 4 افراد اغوا



ٹانک: خیبر پختونخوا کے علاقہ ٹانک میں اسسٹنٹ کمشنر انکم ٹیکس ریاض خان سمیت چار افراد اغوا ہو گئے۔

پولیس کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ریاض خان اپنی والدہ کے انتقال کی وجہ سے اپنے آبائی علاقے آئے ہوئے تھے جنہیں نامعلوم ملزمان نے اغوا کر لیا۔

ریاض خان کے ہمراہ اغوا ہونے والوں میں ممتاز، مدثر اور صدام بھی شامل ہیں۔ پولیس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں اٹک: 3 روز قبل اغوا ہونے والے 2 ڈاکٹرز قتل

گزشتہ سال 2 اگست کو نامعلوم ملزمان نے ٹانک کے مین بازار میں فائرنگ کر کے اسسٹنٹ کمشنر کرامت اللہ کو قتل کر دیا تھا۔ مقتول اپنے گھر سے دفتر جا رہے تھے کہ ٹانک کے مین بازار میں ٹریفک پوائنٹ کے قریب گھات لگائے نامعلوم ملزمان نے اُن پر اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے۔

پولیس کے مطابق کرامت اللہ کے گارڈ کی جانب سے ملزمان پر جوابی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں افراد زخمی ہو گئے تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

اس سے قبل 22 جولائی کو ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کولاچی میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما اکرام خان گنڈا پور کی گاڑی پر خودکش حملہ ہوا تھا جس میں ان کا ڈرائیور جاں بحق ہو گیا تھا جب کہ اکرام خان گنڈا پور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال پشاور میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ ہوتے ہوئے جاں بحق ہو گئے تھے۔


متعلقہ خبریں