موجودہ حکومت میں لوٹ مار کی مثال نہیں ملتی، مریم اورنگزیب

موجودہ حکومت میں لوٹ مار کی مثال نہیں ملتی، مریم اورنگزیب

فوٹو: فائل


اسلام آباد: مسلم لیگ نون کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 10 ماہ میں ہونے والی لوٹ مار کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔

مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قوم کو بتائیں ان کے 60 کروڑ روپے کے اثاثے اتنی جلدی اربوں کے کیسے ہو گئے۔ عمران خان گزشتہ 20 سال سے لوگوں کو ملک کے مسائل گنوا رہے تھے لیکن 9 ماہ میں ایک بھی مسئلہ حل نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ 9 ماہ میں پاکستان کے قرض بڑھے، ملک غریب ہوا لیکن عمران خان، علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کی دولت اور جائیدادوں میں اضافہ ہوا۔ عمران خان کی حکومت میں ساڑے 4 سو ارب ٹیکس ریونیو کا خسارہ ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان بتائیں روزانہ جو ایک ارب روپے کا قرضہ لیا جا رہا ہے وہ کس کی جیب میں جا رہا ہے۔ عمران خان کی حکومت کے صرف 9 ماہ میں ملکی قرضہ 30 پزار ارب روپے ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جن کو چور کہہ رہے ہیں اُن کی حکومت میں مہنگائی 3 فیصد تھی اور موجودہ حکومت کے 9 ماہ میں 10 فیصد ہو گئی۔ ترقی کی شرح 5.8 فیصد تھی جو اب کم ہو کر 2.5 فیصد ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں ہمارا واسطہ بداخلاق مخالفین سے پڑا ہے، مریم اورنگزیب

سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کرائے کی ٹیم رکھنے والے کپتان کے پاس نہ کوئی ویژن، پالیسی اور پلاننگ ہو تو وہ صرف شور ہی مچا سکتا ہے۔ عمران خان نے اپنی ‎تقریر کے شروع میں کہا کہ میں بتاؤں گا قرض کیسے ختم ہو گا لیکن تقریر کے آخر تک پھر اس کا ذکر نہیں کیا۔

مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کی زبان، نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے موجودہ حکومت کبھی کھڑی نہیں ہو سکتی۔

عمران خان کی حکومت کھڑی کب ہوئی تھی جو کوئی گرائے گا، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ عمران خان سب کو جیلوں میں ڈال دیں لیکن عوام کو روٹی، ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر تو دیں۔ اب تو عوام رو رو کر پرانے پاکستان میں واپس جانے کی دُعا کر رہے ہیں۔ عمران خان اپنی تقریر کے شروع سے آخر تک کسی ایک مسئلہ کا حل نہیں بتا سکے اور نہ ہی کوئی ویژن یا کوئی پلان عوام کو دیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا یہ کیسا کپتان ہے جو کہتا ہے کہ میں مخالف ٹیم کی وجہ سے میچ ہار رہا ہوں اس کا مطلب تو یہ ہے کہ مخالف ٹیم آپ سے بہتر ہے۔


متعلقہ خبریں