وزیراعظم نے شیخ رشید کو بھی میٹنگ کیلئے بلالیا



لاہور: وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں میٹنگ کیلئے اسلام آباد بلایا ہے۔

ریلوے ہیڈ کوارٹرر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وزارت میری کمزوری نہیں ہے،  کپتان کا کام ہے کہ فیلڈ میں کس کو لے کے جانا ہے اور سلپ پر کس کو لے کے جانا ہے، میں نے خان صاحب کی پیروی کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  خدا کو گواہ بنا کے کہتا ہوں کہ عمران خان بہت محنت کر رہا ہے، عمران خان جب آئے تو خزانہ نام کی کوئی چیز نہیں تھی صرف وزارت تھی، وزیراعظم بہت ایماندار ہے اس نے اس آدمی کو نکالا جس کا میں تصور بھی نہیں کر سکتا۔

شیخ رشید نے کہا کہ صرف ایک وزیر فارغ ہوا، ایک وزیر نے استعفی دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس لوٹے ہوئے خزانے میں اسد عمر کیا کام کرسکتا تھا میں خود اسد عمر کے پاس جاؤں گا کہ وہ کابینہ میں واپس آجائیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ اس ملک میں انٹرنیشنل سازش ہے کہ ریلوے ترقی نہ کرے، ریلوے 70 فیصد آبادی سے گزرتا ہے اور میں چین سے واپسی کے بعد  بہت بڑی خوشخبری دوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ریلوے میں ایک لاکھ 50 ہزارو لوگوں کو ملازمت دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں اور پلوں پر پیسے لگائے گے جبکہ ریلوے پر کچھ خرچ نہیں کیا گیا۔ وزیر ریلوے نے بتایا کہ ایم ایل ون پر انشااللہ دستخط ہو جائیں گے جس سے ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا اور ایم ایل ون کے بعد ٹرین کی سپیڈ کم سے کم 160 ہو جائے گی۔

وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کو پانچ سال پورے کرتے دیکھ رہا ہوں، آئندہ الیکشن میں ریلوے کی بہت بڑی سپورٹ عمران خان کے پیچھے ہوگی۔ شیخ رشید نے کہا کہ جو مرضی کرلیں آصف علی زرداری، نوازشریف اور شہبازشریف کا کوئی مسقتبل نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں