بہاولپور: کمرہ امتحان میں ’ممنوع‘ موبائل فونز اس وقت طلبہ کا سہارا بن گئے جب دوران امتحان بجلی چلی گئی اورروشنی فراہمی کا متبادل انتظام بھی ناکارہ نکلا۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے صورتحال دیکھ کر خاموشی میں عافیت جانی اور طلبہ کو موبائل فون استعمال کرنے کی ’غیراعلانیہ‘ طور پر اجازت دے دی۔
ہم نیوز کے مطابق اسلامیہ یونیورسٹی میں جاری مڈ ٹرم امتحانات کے دوران کمرہ امتحان اچانک بجلی بندش کی وجہ سے تاریکی میں ڈوب گیا۔ اس وقت شدید بارش ہورہی تھی۔
ذمہ دار ذرائع کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے کیا جانے والا متبادل انتظام بھی ناکارہ نکلا تو گھپ اندھیرے میں طلبہ کے لیے امتحانی پرچہ دینا نا ممکن ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ صورتحال دیکھ کر طلبہ نے اپنے اپنے چھپائے ہوئے موبائل فونز نکالے اور ان کی روشنی میں پرچہ حل کرنا شروع کردیا۔
ہم نیوز کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ نے بھی صورتحال دیکھ کر خاموش رہنے ہی میں عافیت سمجھی اور ان موبائل فونز کے استعمال کی ’ غیر اعلانیہ‘ اجازت دے دی جن کو کمرہ امتحان میں لانے پرپابندی عائد ہوتی ہے۔
اسلامیہ یونیورسٹی کے کمرہ امتحان کی ہم نیوز کے پاس موجود تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طلبا موبائل فونز کی روشنی میں امتحانی پرچہ جات کے جوابات لکھ رہے ہیں۔
امتحانی وقواعد و ضوابط کے مطابق طلبہ کو امتحان کے دوران موبائل فونز ساتھ لانے اور رکھنے کی اجازت نہیں ہوتی ہے۔
امتحانی مراکز پر اس بات کی سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ کسی بھی طرح طلبہ اپنے ساتھ موبائل فونز سمیت ایسی کوئی بھی اشیا ساتھ لانے میں کامیاب نہ ہوں جو ان کی نقل میں معاون و مددگار ثابت ہوسکے۔