اسلام آباد: مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری دہشت گردی کو مقامی چیلنجز کا نام دے رہے ہیں، اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے کے لیے پیپلز پارٹی پر الزام تراشیاں کی جارہی ہیں۔
فواد چوہدری کے خطاب پر اپنے ردعمل میں ان کا کہنا تھا کہ ملک کو کون لوٹ رہا ہے،ملک کا بچہ بچہ جانتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف دہشت گردی کے واقعات کو اکا دکا واقعات کہہ رہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق فواد چوہدری کی تقریریں نفرت کے پھیلاؤ کا سب بن رہی ہیں۔ وہ تحریک انصاف کیلئے میر جعفر ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، فواد
ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری عمران خان کو دیوتا کے سنگھاسن سے نیچے اتاریں تو کچھ نظر آئے۔ ان کی ہر تقریر اپنے منہ میاں مٹھو بننا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے معاشی چیلنجز تو سنبھالے نہیں جارہے اور بات کرتے ہیں دہشت گردی کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فواد چوہدری بہت جلد تحریک انصاف سے بھی نکالے جائیں گے۔
اس سے قبل فواد چوہدری نے کھیوڑہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب، وفاق، خیبرپختونخوا نے فاٹا میں ترقی کے لیے اپنا حصہ ادا کیا، پیپلزپارٹی نے انکار کردیا، فاٹا سے متعلق پیپلز پارٹی نے سوتیلے پن کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت میں پی پی پی کے بارے میں کہا جاتا تھا ’چاروں صوبوں کی زنجیر بے نظیر‘ پیپلز پارٹی آج اندرون سندھ کی چھوٹی سی پارٹی بن گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیل میں موجود ڈاکو کی باہر آنے کی کوشش ہے، جو باہر ہیں وہ بچنےکی کوشش کررہےہیں خطرے میں ڈاکو ہیں کچھ جیل میں ہیں اور کچھ جیل سےباہر۔