چمن مال روڈ پر دھماکہ، ایک شخص جاں بحق، 10 زخمی


چمن: بلوچستان کے علاقے چمن کی مال روڈ پر دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مال روڈ پر دھماکے کے بعد بھگدڑ مچ گئی اور آمدورفت معطل ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت سیکورٹی فورسز کی گاڑی گزر رہی تھی، دھماکہ سڑک کے کنارے کھڑی موٹرسائکل میں ہوا۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں 22 سالہ نوجوان جاں بحق ہوا جبکہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

حکام نے بتایا کہ دھماکے سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی سمیت متعدد گاڑیوں موٹرسائیکلوں اور دکانوں کو نقصان پہنچا۔

پولیس لیویز اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ فائربریگیڈ نے موٹرسائیکلوں اور ایک دکان میں لگی اگ پر قابو پالیا۔

اس سے قبل کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں خودکش دھماکے سے 20 افراد جاں بحق اور48 زخمی ہوگئے تھے۔

مرنے والوں میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے آٹھ افراد کے علاوہ ایک سکیورٹی اہلکار اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔

دھماکہ ہزار گنجی کے قریب فروٹ مارکیٹ میں ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیموں نے  موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا۔

بعدازاں وزیرداخلہ بلوچستان نے کہا کہ دھماکے میں ہر کمیونٹی کے افراد متاثر ہوئے ہیں کسی مخصوص کمیونٹی کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ دھماکے میں سب سے زیادہ ہزارہ کمیونٹی کے افراد متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے حوالےسےاجلاس طلب کیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعلئ بلوچستان جام کمال خان نے چمن بم دھما کے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وزیراعلیٰ نے دھماکے میں جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی فراہمی میں کوئی کسر چھوڑی جائے۔

وزیراعلیٰ نے حساس شہروں میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ پر رکھنے کی بھی ہدایت جاری کی اور کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے مربوط حفاظتی اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، دہشت گردوں کو دوبارہ سے مضبوط نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد عناصر کی سر کوبی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔


متعلقہ خبریں