کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر کے خلاف درختوں کی کٹائی پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق وائس چانسلر کے خلاف مقدمہ محکمہ جنگلات چلتن رینج کی جانب سے یونیورسٹی کے احاطے میں 45 درختوں کی کٹائی پر درج کیا گیا ہے۔
کنزرویٹر محکمۂ جنگلات کوئٹہ ڈویژن نیاز کاکڑ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے احاطے میں جن درختوں کو کاٹا گیا ہے وہ کوئٹہ پائن کے تھے۔
کوئٹہ پائن کا شمار کوئٹہ کے پرانے درختوں میں ہوتا ہے۔ ان درختوں کو ایران سے 1970 کی دہائی میں لا کر لگایا گیا تھا۔