کراچی: فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق، ملزم گرفتار



کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس فیز6 میں فائرنگ سے پولیس اہل کار سمیت دو افراد جاں بحق جب کہ دو افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

فائرنگ کا واقعہ خیابان بخاری میں پیش آیا ہے۔ مقتول پولیس اہلکار خالد کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جب کہ زخمی ہونے والے تین افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا جن میں سے ایک دوران علاج چل بسا۔

ہم نیوز کے مطابق اسپتال میں دوران علاج دم توڑنے والے شہری کی شناخت سعید کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی کے بازو میں ایک گولی لگی ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ہم نیوز نے پولیس ذرائع سے بتایا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی میں مزاحمت کے دوران پیش آیا ہے۔

ایس ایس پی پیر محمد شاہ نے کہا ہے کہ ویگو گاڑی میں سوار دو افراد نے فائرنگ کی اور حملہ آور گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ حملہ آور نشے میں دھت تھے۔ پولیس نے رات گئے گاڑی کے مالک سے نفاس خان کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم اس کا کہنا تھا کہ وہ گاڑی گزشتہ سال فروخت کر چکے ہیں۔

ایس ایس پی نے کہا کہ حملہ آوروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا پولیس اہلکار خالد اپنی ڈیوٹی ختم کر کے گھر جارہا تھا کہ گولی کا نشانہ بن گیا۔

ہم نیوز کے مطابق فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے ثبوت و شواہد اکھٹے کیے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی جگہ پر تفتیشی ٹیموں نے جو شواہد اکھٹے کیے ہیں ان کے مطابق واقع میں نائن ایم ایم کا پستول استعمال ہوا ہے۔

ہم نیوز نے پولیس حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے چار خول اور چار زندہ راؤنڈ بھی برآمد ہوئے ہیں جنہیں تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس نے فائرنگ کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا

ایس ایس پی پیر محمد شاہ کے مطابق فائرنگ کرنے والے ایک ملزم کو اسپتال سے گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔ ملزم نشے کی حالت میں ہے اور ہوش میں آنے کے بعد اس کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔ ملزم کا تعلق بلوچستان کے علاقے دالبندین سے ہے۔

فوٹو: ہم نیوز

پولیس کے مطابق ملزم نے مختلف اقسام کے نشے کیے ہوئے ہیں۔ فائرنگ کے بعد ملزم کا دوسرا ساتھی اسے چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ گرفتار ملزم اس سے قبل بھی پولیس کو مطلوب تھا جس نے 2018 میں دشمنی کی بنیاد پر ایک شخص کو قتل کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں کراچی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق

پولیس حکام کی اس بات کی بھی کوشش کررہے ہیں کہ جائے وقوعہ کے اردگرد کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل ہو  جائے تاکہ ملزمان کو شناخت کرنے میں آسانی ہو۔

ہم نیوز نے واقع کے ایک عینی شاہد کے حوالے بتایا ہے کہ ملزمان نے بڑے اطمینان سے فائرنگ کی۔ اس کا کہنا ہے کہ ایک ملزم کے پاس اسلحہ تھا جب کہ دوسرا اسے بتا رہا تھا۔

عینی شاہد کے مطابق ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد گاڑی کو لاک کر کے فرار ہوئے ہیں لیکن اندھیرے کے باعث وہ یہ دیکھنے سے قاصر رہا کہ ملزمان کس سمت میں فرار ہوئے۔

ہم نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کے حوالے سے سی پی ایل سی سے بھی رابطہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں