لاہور سے لاڑکانہ تک بڑے لوگوں کا احتساب ہو رہا، فواد چوہدری



اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور سے لاڑکانہ تک بڑے لوگوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی اور ان کا احتساب ہو رہا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے پیسے لانا اتنا آسان نہیں ہوتا، کچھ قانونی پیچیدگیاں ہوتی ہیں، بڑے ممالک غریب ممالک کا احتصال کرتے ہیں۔

ایمنسٹی اسکیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایمنسٹی اسکیم لا رہی ہے جس سے ملک میں پیسہ آئے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی ایمنسٹی اسکیم پر تنقید اور مخالفت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پچھلی ایمنسٹی اسکیم اور ہماری اسکیم میں فرق ہے، سابق حکومتوں میں ان اسکیموں کو اپنے مالی فوائد کے لئے استعمال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دو تہائی آمدن کے بارے میں کچھ معلوم نہیں حکومت ایمنسٹی اسکیم سے ان لوگوں کو ٹارگٹ کر رہی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری سے حکومت کی کوئی ذاتی لڑائی تو نہیں ہے ہم بس اتنا کہ رہے کہ جو پیسہ انہوں نے لوٹا ہے وہ واپس کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کے لئے بھی کام کر رہی اور حال میں ہی کراچی کے ایک پیکج کا اعلان کیا ہے، سندھ حکومت پر اعتبار نہیں کر سکتے کیونکہ ماضی میں جو پیسہ انہیں ملا وہ انہوں نے دبئی اور لندن میں محلات بنانے میں لگا دیئے۔

حکومت کی بچت مہم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس  وزارت اطلاعات اور دیگر وزارتوں نے کروڑوں روپے کی بچت کی ہے۔


متعلقہ خبریں