خواجہ سراؤں کی ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر کھیلوں میں شرکت


لاہور: ہم بھی کسی سے کم نہیں، خواجہ سراؤں نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر کھیلوں میں شرکت کرکے اپنی صلاحیتوں کو اظہار کیا۔

پنجاب گیمز لاہور میں خواجہ سراؤں نے مختلف مقابلوں کے ساتھ کیٹ واک بھی کی۔ صرف ناچ گانے میں ہی نہیں کھیل میں بھی کوئی جوڑ نہیں، 72 پنجاب گیمز میں شریک خواجہ سراؤں نے ثابت کر دیا۔

خواجہ سراوں کے درمیان چاٹی ریس، بوری ریس کے ساتھ رسہ کشی کے خوب مقابلے ہوئے جبکہ کیٹ واک پر تو شائقین نے کھلاڑیوں کو دل کھول کر داد دی۔

خواجہ سرا کھیلوں میں شمولیت پر خوش دکھائی دیئے اور ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پتہ چلا ہم بھی پاکستانی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بہت اچھا لگ رہا ہے آج پتہ چلا ہم بھی ہاکستانی ہیں، دنیا کو بتا رہے ہیں کہ خواجہ سرا مانگنے اور ناچنے کے علاوہ بھی کچھ کرسکتے ہیں۔

صوبائی وزراء راجہ بشارت اور یاسر ہمایوں بھی مقابلے دیکھنے پہنچے۔ اس موقع پر وزیر قانون نے میڈیا سے گفتگو میں ایک سوال پر کہا کہ حمزہ شہباز کے خلاف ریڈ سے حکومت کا تعلق نہیں۔

راجہ بشارت نے کہا کہ حمزہ شہباز کے گھر ریڈ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، نہ ہی حکومت کا اس میں کوئی ہاتھ ہے۔

یاسر ہمایوں نے بتایا کہ خواجہ سراؤں کو ان کھیلوں میں شامل کرنے کا فیصلہ آخر میں ہوا، حکومت آئندہ بھی نوجوانوں کے کے لیے ایسے کھیلوں کا انعقاد کرتی رہے گی۔

شائقین کا کہنا تھا کہ خواجہ سراوں کو ایسے ایونٹس میں موقع دینا ایک قابل تحسین عمل ہے، مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیئے۔


متعلقہ خبریں