گرفتاری پر خواجہ سراؤں نے جی ٹی روڈ بند کردی


گجرخان: خواجہ سراؤں کی گرفتاری کے خلاف ساتھی خواجہ سراؤں نے احتجاج کرتے ہوئے جی ٹی روڈ کو دو گھنٹوں کے لیے بند کردیا، پولیس نے لاٹھی چارج کرکے سڑک کھلوائی۔

راولپنڈی کی تحصیل گجر خان میں خواجہ سراؤں نے ساتھیوں کی گرفتاری کے خلاف پہلے تھانہ گجر خان کے باہر احتجاج کیا اور پھر جی ٹی روڈ کو بند کردیا۔ دو گھنٹے تک سڑک بند رہنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

پولیس نے سڑک کھلوانے کے لیے لاٹھی چارج کیا جس کے بعد سڑک کو کھول دیا گیا۔

یاد رہے گذشتہ روز خواجہ سراؤں کی جانب سے سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس پر پولیس نے چھاپہ مار کر متعدد خواجہ سراؤں کو غیر اخلاقی حرکتوں کے الزام پر گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے تھے۔

خواجہ سراؤں نے پولیس کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس ان کے ساتھیوں کو چھوڑنے کے لیے رشوت مانگ رہی تھی ، جب انہوں نے دینے سے انکار کیا تو پولیس نے مقدمات درج کر لیے۔


متعلقہ خبریں