تونسہ شریف: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے والد سردارفتح خان بزدارکی نمازجنازہ شاہ سلیمان اسٹیڈیم تونسہ میں ادا کردی گئی ہے۔
نمازجنازہ میں سردارعثمان بزدار، جہانگیر ترین، میاں محمود الرشید، ڈاکٹر شہباز گل ، آئی جی پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے والد گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ سردار فتح محمد بزدار کا انتقال آج حرکت قلب بند ہونے سے ہوا۔
سردار فتح محمد بزدار ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے تمن بزدار سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے آبائی علاقے کا نامی بارتھی ہے۔سردار فتح محمد بزدار کا خاندان کئی دہائیوں سے صوبہ پنجاب کی سیاست میں متحرک ہے اور مختلف ادوار میں کئی سیاسی جماعتوں کے ساتھ منسلک رہ چکا ہے۔
سردار فتح محمد بزدار کےخاندانی ذرائع کے مطابق ان کے آبائو اجداد میں شامل سردار عطاء محمد بزداردوسری جنگ عظیم میں ڈسٹرکٹ ریکروٹنگ افسر تھے۔ عطا محمد بزدار تین چار سال اِس عہدے پر فائض رہے بالآخر مسلم لیگ میں شمولیت کی خاطر اِس سروس کو خیر باد کہا اور تین مربع اراضی جو ریکروٹنگ آفیسر کو اُن کی خدمات کے صلہ میں بعد میں ملی اُس سے دستبردار ہو گئے ۔سردارعطا محمد بزدار 1945-46ء کے تاریخ ساز انتخابات میں مسلم لیگ کی نشست پر بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔
1987میں حکومت پنجاب نے جدوجہد آزادی کے شہسواروں اور محسنین ملت یعنی کارکنان تحریک پاکستان کے اعتراف خدمت کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے صف اوّ ل کے جن پچاس کارکنان تحریک پاکستان کو گولڈ میڈل پیش کیے ان میں سردار عطاء محمد بزدار کا نام بھی شامل تھا۔
سردارعطاء محمد بزدار کے بعد دوست محمد بزدار قبیلے کے چیف رہے۔ سردار دوست محمد کی وفات کے بعد سردار فتح محمد بزدار قبیلے کے سربراہ بنے جو کہ ضیاء الحق کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن بھی رہے۔
یہ بھی پڑھیں:عثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب منتخب
سردار فتح محمد بزدار نے اپنی ابتدائی تعلیم بارتھی سے حاصل کی۔ وہ کراچی یونیورسٹی سے ایم اے انگلش کر چکے ہیں ۔ سردار فتح محمد بزدار1985 کو مجلس شوری کے رکن منتخب ہوئے۔ 1985ء کے غیر جماعتی انتخابات میں رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہو کر مسلم لیگ میں شامل ہو گئے۔ 2002 اور 2008میں بھی رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے بعدازاں اپنی ضعیف العمری کے باعث اپنے بڑے بیٹے سردار عثمان بزدار کو اپنی جانشینی اور سیاسی وراثت سونپ دی۔
وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلی پنجاب کے والد سردار فتح محمد بزدار کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ عمران خان نے مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا، غم زدہ خاندان کے لیے صبر کی دعا بھی کی ہے۔
سابق وزیر اعلی اور قومی اسمبلی میں قائد حزاب اختلاف شہباز شریف نے بھی وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے والد فتح محمد بزدار کی وفات کی خبر پر اظہار افسوس کیا ہے اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے تعزیت بھی کی ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے والد کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ آصف زرداری نے سردار فتح محمد بزدار کے انتقال پر عثمان بزدار سے اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔