ملتان میں ضمنی انتخاب، تحریک انصاف کامیاب


ملتان: پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 218 پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے ابتدائی غیرسرکاری و غیرحتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے  امیدوار واصف مظہر نے میدان مار لیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار دوسرے نمبر پر رہے۔

غیرسرکاری و غیرحتمی نتائج کے مطابق  پی ٹی آئی کےامیدوار نے 46988 ووٹ  لیے جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار  نے 39486 ووٹ حاصل کیے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پی پی 218 الیکشن جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوش ہوں تحریک انصاف نے میدان مار لیا ، پی ٹی آئی  نے ساڑھے سات ہزار کی برتری حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں مظہر صاحب یہاں سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر جیتے تھے، حلقے کے لوگوں نے کرپشن کو مسترد کردیا، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے مل کر الیکشن لڑا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  جنرل الیکشن میں اس حلقے میں پی ٹی آئی کو رجسٹرڈ ووٹ کا 22 فیصد ملا تھا، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سمجھ رہی تھی مل کر الیکشن جیت جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے نظریات کا جنازہ نکال دیا، تحریک انصاف کو ہرانے کی غرض سے دونوں جماعتوں نے سودا کیا۔

تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے متفق امیدوار کو با آسانی شکست دی، فواد چوہدری

دوسری جانب  وفاقتی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ کیا ہے کہ  ابتدائی نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی، نون لیگ اور کئی دیگر سیاسی جماعتوں کے متفق امیدوار کو با آسانی شکست دے دی ہے۔


انہوں نے کہا کہ عوام کےسیاسی شعور کو اہمیت نہ دینے والے سیاسی مہروں کے لیے اس میں سبق ہے۔ عوام کرپٹ ٹولے کے خلاف متحد ہیں۔

ضمنی انتخاب میں کل چھ امیدواران مدمقابل ہیں لیکن پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار واصف مظہر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار ملک محمد ارشد کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا۔

پنجاب کی سابق حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) اس حلقے میں پاکستان پیپلزپارٹی کے انتخابی امیدوار کی حمایت کررہی ہے جب کہ عوامی تحریک، پی ٹی آئی کے امیدوار واصف مظہر کی حامی ہے۔

پولنگ اسٹیشن پر بد نظمی

ضمنی الیکشن کے دوران پولنگ اسٹیشن 117 پر بدنظمی دیکھنے میں آئی ہے، وٹرز نے لائن توڑ کر اندر جانے کی کوشش کی تو سیکورٹی پر تعینات اہلکاروں نے پولنگ اسٹیشن کا گیٹ بند کر دیا۔

پی پی -218 کی نشست

پنجاب اسمبلی میں پی پی -218 کی نشست 16 جنوری 2019 کے دن پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی مظہر عباس راں کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پی پی – 218 میں ووٹرز کی کل تعداد دو لاکھ تین ہزار 188 ہے۔ حلقے میں رائے دہندگان کے لیے 138 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

قواعد و ضوابط کے مطابق پولنگ کا آغاز صبح آٹھ بجے ہوا اور بنا کسی وقفے کے شام  پانچ بجے تک جاری رہا۔

حلقے کے 32 پولنگ اسٹیشنز کو اے کیٹیگری،48کو بی جبکہ 58کو سی کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا یے۔ حلقے کے رائے دہندگان میں ایک لاکھ گیارہ ہزار 918 مرد اور 91 ہزار 227 خواتین شامل ہیں۔

پی پی -218 کے ریٹرننگ افسر عاطف رحیم  نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ الیکشن کا عمل پاک فوج کی نگرانی میں ہورہا ہے اور تمام متعلقہ سامان پولنگ اسٹیشنز پربروقت پہنچا دیا گیا تھا۔

حلقے کے رائے دہندگان میں شامل حق نوازکا کہنا تھا کہ مرحوم مظہر عباس راں نے حلقے میں بہت کام کروائے ہیں، اب ان کا بیٹا پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر انتخابی امیدوار ہے تو اسی کو ووٹ دیں گے۔

رائے دہندہ رئیس احمد نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی غریبوں کی جماعت ہے، کسانوں کی پارٹی ہے اور ہمیشہ غریب کی بات کرتی ہے تواپنا ووٹ پی پی پی کے امیدوار ارشد راں کے ساتھ ہے۔

2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے انتخابی امیدوار مظہر عباس راں 45 ہزار 817 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے۔ ان کے مدمقابل پی پی پی کے امیدوار ملک محمد عباس کو 37 ہزار 417 اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ظفر احمد کو 25 ہزار ووٹ ملے تھے۔


متعلقہ خبریں