گلوبل زلمی لیگ، کابل زلمی فاتح بن گئی


اسلام آباد: گلوبل زلمی لیگ کے فائنل میچ میں کابل زلمی نے مانامہ زلمی کو دس وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

گلوبل زلمی لیگ کا اختتامی میچ ایم سی آئی گراونڈ میں کھیلا گیا، جہاں مانامہ زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے  70 رنز بنا ئے، شہریار نے سب سے زیادہ 18 رنز بنائے۔

کابل زلمی کی جانب سے قریب اللہ نے چار اور جمعہ خان نے تین کھلاڑیوں کو واپسی کی راہ دکھائی تھی۔

کابل زلمی نے جواب میں صرف چھ اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 71 رنز بنا کر میچ اپنے نام کرلیا۔ وسیم مندوزائی نے 24 گیندوں پر چالیس رنز بنائے جبکہ ننگیال نے 13 گیندوں پر30 رنز بنا کر ٹیم کو میچ میں فتح دلوائی۔

فائنل میچ تک رسائی کے لیے مانامہ زلمی نے لندن زلمی کو 45 رنز سے شکست دی تھی جبکہ کابل زلمی نے اسٹیٹس زلمی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 16 سولہ رنز سے ہرایا تھا۔

ایونٹ کو یادگار بنانے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے میچ کے بعد اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پشاور زلمی کے چیرمین جاوید آفریدی، وزیر اعظم کے ایڈوائز برائے یوتھ پروگرام عثمان ڈار اور ڈپٹی مئیر اسلام آباد ذیشان نقوی نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور معاونت کے لیے پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم بھی موجود تھے۔

 

پاکستان سپرلیگ میں فائنل میں شکست کھانے والی ٹیم پشاور زلمی کی جانب سے پاکستان میں پہلی بار گلوبل زلمی لیگ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ 21 مارچ سے شروع ہونے والے ایونٹ میں چین سمیت 16 ممالک کی ٹیموں نے اس میں حصہ لیا ہے۔

ٹورنامنٹ اپنے نام کرنے والے کابل زلمی دنیا کے مختلف ممالک کے کرکٹ کلبز کے ساتھ میچ کھیلنے کے لیے دورے کرے گی۔


متعلقہ خبریں