کرائسٹ چرچ: سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے کراچی کے سید اریب کی میت کل پاکستان لائی جائے گی۔
نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ میں پیش آنے والے دلخراش واقعہ میں شہید ہونے والے اریب کی میت امارات ائرلائن ای کے 600 کے ذریعے براستہ دبئی کراچی لائی جا رہی ہے۔
نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر عبدالمالک نے اریب کا جسد خاکی نیوزی لینڈ حکام سے وصول کیا۔ پاکستان ہائی کمیشن کا کہنا تھا کہ سید اریب کی میت کے ساتھ ان کا ایک دوست بھی پاکستان آ رہا ہے۔ اریب کی میت نیوزی لینڈ سے روانہ کر دی گئی ہے۔
مرحوم کی نماز جنازہ کراچی سنگم گراؤنڈ دستگیر نمبر9 میں ادا کی جائے گی جب کہ ان کی تدفین سخی حسن قبرستان میں ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں نیوزی لینڈ: شہدا کی نمازِ جنازہ کے موقع پر جذباتی مناظر
سانحہ نیوزی لینڈ میں شہید ہونے والے 8 پاکستانیوں کی تدفین تو کرائسٹ چرچ میں ہی کر دی گئی تاہم اریب کی میت ان کے اہلخانہ کے مطالبہ پر پاکستان لائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ میں نماز جمعہ کے دوران فائرنگ سے 9 پاکستانیوں سمیت 50 افراد شہید ہوگئے تھے۔ شہید پاکستانیوں میں اریب کے علاوہ نعیم رشید، ان کا بیٹا طلحہ نعیم، ذیشان رضا، ان کے والدین، سہیل رشید، سید جہانداد علی اور محبوب ہارون بھی شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے 27 شہدا کی نماز جنازہ اجتماعی طور پر دو روز قبل جمعہ کو ادا کی گئی۔
نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں واقع النور مسجد کے ساتھ ہی واقع ’ہیگلے پارک‘ میں جن شہدا کی نماز جنازہ ادا کی گئی ان میں 7 پاکستانی شہدا بھی شامل تھےجب کہ شہید نعیم رشید اور طحہ نعیم کی آخری رسومات میں ان کی والدہ اور بھائی بھی نیوزی لینڈ پہنچے تھے۔