عمران آخری بال تک لڑنے کی بات بھی کرتے ہیں اور منتیں بھی، نثار


اسلام آباد: مسلم لیگ(ن) کے رہنما چوہدری نثار نے کہا ہے کہ حکومت کو چاہیےاس وقت قوم کو یکجا اور اکٹھی کرے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنا غصہ مودی پر نکالیں، ہمیں بھارت کے خیرکی توقع نہیں رکھنی چاہیے، اس وقت ملک کو اتفاق و اتحاد کی ضرورت ہے، میرا عمران خان کو مشورہ ہے کہ آپ اپنا غصہ تھوکیں، قوم اور سیاسی جماعتوں کو یکجا کریں۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ عمران خان کو مودی پر نہیں بلکہ صرف اپنے ملک کی اپوزیشن پرغصہ آتا ہے، عمران خان کی تھر والی تقریر نے اتحاد کا پیغام نہیں دیا۔

نیشنل ایکشن پلان اور کالعدم تنظیمیوں کے خلاف کارروائی کے سوال پر چوہدری نثار نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقدام سے یہ پیغام گیا ہے کہ پہلے ہم ان تنظیمیوں کی پشت پناہی کررہے تھے، اچھے کام کرنے کے بھی طریقے ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا مجھے ٹائمنگ کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں اگر اس قسم کے اقدامات اٹھانے تھے تو پہلے اٹھالیتے، اب تاثر یہی جارہا ہے کہ ہم نے سب کچھ بیرونی دباؤ کے تحت کیا ہے، ہم اپنے ہی لوگوں کو موردالزام ٹھہرا رہے ہیں۔۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اس کارروائی سے تاثر جارہا ہے کہ پاکستان میں موجود تنظیموں کا مقبوضہ کشمیر میں عمل دخل ہے۔

عمران خان کا بار بار قوم سے خطاب کرکے بھارت سے امن کی منتیں کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ ایک طرف وہ آخری بال تک لڑنے کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف منتیں کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ اچھی دوستی بی جے پی اور کانگرس کے منشورمیں نہیں ہے۔ کشمیر کی آزادی بھارت کی کسی جماعت کے منشورمیں نہیں، ہمیں بھارت سے خیر کی امید نہیں رکھنی چاہیے۔

نوازشریف کی صحت کے حوالے سے چوہدری نثار نے کہا کہ اللہ ان کو صحت عطا فرمائے۔


متعلقہ خبریں