حکومت بتائے کہ پہلے جھوٹ کیوں بولا؟مریم اورنگزیب کا استفسار

حکومت بتائے کہ پہلے جھوٹ کیوں بولا؟مریم اورنگزیب کا استفسار

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کے درباریوں کا پھرسے نوازشریف کی صحت پر سیاست کرنا قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ارباب اقتدار پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج حکومت نوازشریف کو صحت کی تمام سہولتیں دینے پر تیار ہے تو بتائے کہ قوم سے پہلے جھوٹ کیوں بولا گیا؟

سابق وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے جاری کردہ بیان میں استفسار کیا کہ ڈھونگ رچانے والے بتائیں کہ دو مہینوں سے انہیں اسپتالوں میں گھمانے کا ڈرامہ کیوں رچایا گیا؟

پی ایم ایل (ن) کی مرکزی ترجمان نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک بیمار شخص کے ساتھ دو مہینے تماشہ کرکے ذہنی اذیت دی گئی اورعلاج میں تاخیر کا جرم کیا گیا۔

انہوں نے استفسار کیا کہ پی آئی سی میں طبی تشخیص کے بعد ایسے اسپتالوں میں کیوں رکھاگیا جہاں متعلقہ علاج ہی میسر نہیں تھا؟

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان نے کہا کہ اب ہر وزیر اپنی سیاست چمکانے کے لیے پھر بیان بازی کر رہا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ْ

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے ساتھ پنجاب حکومت کا رویہ اس کے چھوٹے ذہن و ظرف کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مخلص ہوتی تو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ اورڈرامہ بازی میں وقت ضائع کرنے کے بجائے اپنی ذمہ داری پوری کرتی۔

پی ایم ایل (ن) کی مرکزی ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم، وزرا اور ترجمانوں کو اب پتہ چل گیا ہے کہ نواز شریف واقعی بیمار ہیں جس کے بعد بظاہر ایسا تاثر دیا جارہا ہے کہ حکومت ان کے علاج کے لیے کوشش کررہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے والد کی بگڑتی صحت کے باوجود اسپتال منتقل ہونے سے انکار پرجیل حکام سے لائف سیونگ یونٹ قائم کرنے کی درخواست کی ہے۔

 

والد سے ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بھیجے گئے کارڈیالوجسٹ کے مطابق سابق وزیراعظم کے دل کی بیماری بگڑ چکی ہے۔

مریم نواز نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ جیل کی حدود میں فوری طور پر طبی امداد اور لائف سیونگ یونٹ قائم کیا جائے۔

 

انہوں نے ایک دوسرے پیـغام میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ تین مرتبہ کے وزیراعظم، بڑی جماعت اور لاکھوں افراد کے قائد اس کے مستحق ہیں۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے حکومت پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ نواز شریف کو ان کی مرضی کے اسپتال اور ڈاکٹرز تک رسائی دی جائے۔


متعلقہ خبریں