بھارت میں قید دو پاکستانی قیدی اسپتال میں دم توڑ گئے

بھارت میں قید دو پاکستانی قیدی اسپتال میں دم توڑ گئے | ہم نیوز

شاکر اللہ کے بعد بھارت میں قید دو پاکستانی قیدی اسپتال میں دم توڑ گئے۔

ہم نیوز کے مطابق 62 سالہ محمد اعظم کا انتقال امرتسر کے اسپتال میں جبکہ کراچی کے 66 سالہ محمد انین چوہدری کا انتقال احمد آباد میں ہوا۔

محمد اعظم ضلع کچ کی پلارا جیل میں 2017 سے قید تھے، انہیں آبی حدود کی خلاف ورزی کا الزام لگا کر بھارتی فورسز نے 2017 میں گرفتار کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انین چوہدری کو دل کا عارضہ تھا، انہیں 20 فروری کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

مزید پڑھیں: بھارتی جیل میں قتل ہونے والے شاکر اللہ کو سپرد خاک کردیا گیا

احمد آباد کے سول اسپتال میں دوران علاج انین چوہدری انتقال کر گئے۔

خیال رہے کہ بھارت میں سزا کاٹ رہے پاکستانیوں کی ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ 20 فروری کو 50 سالہ پاکستانی شہری شاکر اللہ کو بھارتی جیل جے پور میں انتہا پسندوں نے ظالمانہ طریقے سے قتل کر دیا تھا۔

ذہنی طور پر معذور شاکر اللہ نے سال 2003 میں غلطی سے سرحد پار کی تھی۔ مقتول کو بھارتی عدالت نے دہشت گردی کے الزام میں سال 2017 میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

حکومت پاکستان نے شاکر اللہ کے قتل پر بھارتی جیل سپرنٹڈنٹ کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔

ایف آئی آر درج کرنے کا اعلان وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے سینیٹ اجلاس کے دوران کیا۔

شیریں مزاری نے کہا کہ ضرورت پڑی تو معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے جائیں گے۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج کے 40 سے زائد فوجیوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان اور بھارت کے تعلقات کشیدہ ہیں۔


متعلقہ خبریں