اسلام آباد: تجزیہ کار سلیم صافی کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کوئی نئی بات نہیں لیکن ان کے خلاف حکومت کی حکمت عملی واضح نہیں، اس بار پی ٹی آئی نے یو ٹرن لیا ہے اور اپوزیشن بھی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔
ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک چیز رکاوٹ بن سکتی ہے اور وہ ہے پاکستان پیپلز پارٹی کو کونے سے لگانا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا کسی کو حکومت کی حکمت عملی معلوم ہے کے وہ طاقت کا استعمال کریں گے یا کسی اور طریقے سے اس مسئلے کو حل کیا جائے۔ ان تنظمیوں کے مسائل کو حل کیا جانا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ تنظیموں کو ریاست نے خود ہی بنایا تھا اسی لیے اگر ان کو طاقت کے ذریعے ختم کیا جائے تو یہ درست نہیں ہوگا۔
افغانستان میں ہونے والے حملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کا معاملہ یہ ہے کہ ابھی وہاں جنگ بندی نہیں ہوئی ہے۔ آج کے حملے میں افغان لیڈر شپ بال بال بچی ہے۔
ہم نے اپوزیشن کو تمام حکمت عملی بتائی ہے،فواد چوہدری
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ پہلے جو کارروائیاں کی گئیں وہ سنجیدہ نہیں تھے پہلے بھی ہر آپریشن سے نتائج حاصل کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان کا فیصلہ ہے کہ یہ آپریشن کیا جائے کیونکہ یہ ملک کے مفاد میں ہے۔ ہم نے اپوزیشن کو تمام حکمت عملی بتائی ہے۔
ایف اے ٹی ایف اور بین لاقوامی برادری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی دنیا پاکستان کے ساتھ ہے اور سب نے پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے۔
کشمیریوں پر ظلم کرنے والے لوگوں کا تعلق بی جے پی سے ہے،بھارتی مصنف
بھارتی مصنف پروفیسر اشوک نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم کرنے والے لوگوں کا تعلق بی جے پی اور آر ایس ایس سے ہے اور وہ یہ سب الیکشن کی وجہ سے کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں پر حملوں کے پیچھے بی جے پی کے لوگ ہیں اگر یہ چاہیں تو کچھ بھی نہ ہو۔ سب کچھ چناؤ کی خاطر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کا اصل چہرہ یہ نہیں جو میڈیا نے بنا دیا تھا اور وہ اب اصل چہرہ سب کے سامنے آگیا ہے۔ان کی سیاست بہت نچلے درجے کی سیاست ہے۔ ان کا اس میں کوئی تجربہ نہیں۔
ڈرگ ریگولٹری اتھارٹی (ڈریپ) کے سربراہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا
نمائندہ خصوصی ہم نیوز ریاض الحق نے بتایا کہ ایچ ای سی کی جانب سے تصدیق نہ ہونے پر وزارت کی جانب سے خط لکھا گیا جس میں کہا گیا کہ اب یہ معاملہ حل ہوگیا اسی لیے اب سربراہ ڈریپ کو عہدے سے ہٹا دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو پس پردہ ڈالنے کی بہت کوشش کی گئی لیکن وزارت صحت نے ایکشن لیتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹا دیا۔
واضح رہے ڈریپ کے سابق سربراہ کو ٹیسٹ میں پی ایچ ڈی (جعلی) کی ڈگری پرآٹھ اضافی نمبر دیئے گئے تھے اور دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار صرف ڈیرھ نمبر سے رہ گئے تھے اور انہیں ہی بطور ڈریپ سربراہ وقتی طور پر تعینات کیا گیا ہے۔