حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو گئی، عظمیٰ بخاری


اسلام آباد: رہنما مسلم لیگ ن عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ حکومت ابتدائی دنوں سے اپنے ہر فیصلے پر یو ٹرن لیتی آئی ہے عوام کو ریلیف دینے میں بھی حکومت ناکام نظر آ رہی ہے۔

ہم نیوز کےپروگرام نیوز لائن میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی نا اہلی کے باعث ملکی قرضوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے، یہ مڈل کلاس کے آدمی کے لئے تباہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر کا اگر اپنے حلقے میں اثرورسوخ ہو تو بیوروکریٹ اپنی مرضی نہیں چلا سکتا، اگر وزیر عثمان بزدار جیسے ہوں تو پھر کون کنٹرول میں آئے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہا کہ پاکستان میں بیوروکریٹس ایک طریقہ کار کے تحت آتے ہیں انہیں ہٹایا نہیں جا سکتا بلکہ ٹرانسفر ہی کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں عالمی منڈیوں میں پٹرول کی قیمتیں تاریخ کے بلند ترین سطح پر تھیں تاہم ابھی قیمتیں بہت کم ہیں مگر حکومت نے تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا۔

رہنما پاکستان تحریک انصاف علی اعوان نے کہا کہ بیوروکریسی میں اصلاحات کے لیے حکومت نے ایک مشیر تعینات کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی میں مسائل کی ذمہ دار سابق حکومتیں بھی ہیں، ہمیں تو محض چند ماہ ہوئے حکومت میں آئے تاہم تحریک انصاف کی حکومت اس ضمن میں بہت کام کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس قانون سازی کرنے کے لئے اعوان میں وہ تعداد نہیں جو ہونی چاہیے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے ادارے نقصان میں چل رہے اور لوگ کہہ رہے کہ ان پر سبسڈی دے دی جائے.


متعلقہ خبریں