افغان طالبان سے مذکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے، امریکہ

فوٹو: فائل


واشنگٹن: نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ رابرٹ پلاڈینیو نے کہا ہے کہ افغان طالبان سے مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔ افغان امن معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔

نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملا برادر کی قیادت میں طالبان وفد سے امریکی ٹیم افغان امن پر گفتگو کر رہی ہے اور امریکی ٹیم کی قیادت امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کر رہے ہیں۔

پاک بھارت کشیدگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں پر کشیدگی کم کرنے کے لیے زور دیتے رہیں گے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اہم کردار ادا کیا۔

رابرٹ پلاڈینیو نے کہا کہ سیکرٹری مائیک پومپیو کشیدگی کم کرانے کے لیے سفارتی محاذ پر دونوں ملکوں کی قیادت سے رابطے میں رہے۔ پاکستان اور بھارت کی جانب سے مزید فوجی کارروائی سے صورت حال زیادہ خراب ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ دونوں ملکوں کے ساتھ اعلی سطحی رابطے میں ہے اور اس وقت پس پردہ سفارت کاری میں بہت کچھ ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان امن مذاکرات آج پھر ہوں گے

دوسری جانب امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ میں اور میری ٹیم دوحا میں طالبان سے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

افغانستان میں امن کے لیے ہمیں خواہشمند فریقین کی حمایت درکار ہو گی، زلمے


زلمے خلیل زاد نے کہا کہ ہم افغان امن عمل میں علاقائی ممالک کی شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

اس سے قبل انٹرنیشنل میڈیا میں جاری ہونے والے افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق طالبان کی مذاکراتی ٹیم میں مولوی ضیاء الرحمان، مولوی عبد السلام حنفی، شیخ شہاب الدین و دیگر شامل ہیں جب کہ شیر محمد عباس کو مذاکراتی ٹیم کا سربراہ مقرر کیا گیا۔

ترجمان افغان طالبان کے مطابق ملا برادر نے امیر ہیبت اللہ آخونزادہ کی مشاورت سے ٹیم بنائی ہے اور امریکہ سے مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا۔


متعلقہ خبریں