ملک بھرمیں بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی بارش کا امکان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان کے طول وعرض میں بارشوں کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں کے سبب مالاکنڈ، ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارشوں کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ اتوار کے روز کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، کشمیر، گلگت بلتستان، پشاور، مالاکنڈ، مردان، سرگودھا اور لاہور ڈویژن میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔

ہم نیوز

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشیں برسانے والا سسٹم سوموار تک ملک کے بیشتر علاقوں پر موجود رہے گا۔

بلوچستان کی تحصیل دکی میں شدید بارش کے باعث ٹی وی بوسٹر محلے میں کمرے کی چھت گرنے سے ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا ہے۔

چھت گرنے کے باعث ایک ہی خاندان کے تین افراد ملبے تلے دب گئے تھے جن میں سے 2 کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جب کہ ایک بچے کو سر پر گہری چوٹیں لگی ہیں۔

بلوچستان میں موسلادھار بارشوں سے طغیانی کے سبب کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ قلعہ عبداللہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور کوئٹہ چمن شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔

زیارت میں 3 فٹ تک برف پڑنے سے دیہاتوں کا شہر سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے، تربت سے بلیدہ کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہوچکا ہے۔

لاہور میں تیسرےروزبھی بادلوں کےڈیرے ہیں اور اتوار کے روز بھی چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ لاہور کا درجہ حرارت آج کم سے کم آج کم ازکم درجہ حرارت11 ڈگریی سینٹی گریڈ رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارشیں، 2 افراد جاں بحق درجنوں زخمی

کراچی میں بارش برسانے والا سسٹم۔کمزور پڑگیا ہے اور آج بارش کا امکان نہیں لیکن مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

مری میں دو فٹ کے قریب برف پڑچکی ہے اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔  شدید برف باری سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔

برف باری کے باعث بجلی منقطع ہوگئی ہے جس سے سیاحوں اور مقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مری درجہ حرارت منفی 4 تک جا پہنچا ہے۔

ٹریفک پولیس نے وارننگ جاری کی ہے کہ شدید برف باری کے باعث مری کی شاہراہوں پر پھسلن ہے، سیاح پریشانی سے بچنے کے لئے برف باری کے دوران مری کے غیر ضروری اور رات کے سفر سے گریز کریں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سیاح مری کا سفر کرنے سے پہلےٹریفک پولیس ہیلپ لائن 0519269200 پر رابطہ کریں۔


متعلقہ خبریں