مشال ملک کا بھارتی حکومت سے شوہر کی رہائی کا مطالبہ



حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے پر مبارک باد پیش کرتی ہوں اور امید کرتی ہوں بھارت کی حکومت بھی اسی جذبے کے تحت اپنی جیل میں میرے شوہر یاسین ملک سمیت ہزاروں کی تعداد میں قید حریت پسند کشمیریوں کو آزاد کرے گی۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں مشال ملک کا کہنا تھا میں دنیا کے بڑی طاقتوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ میرے شوہر یاسین ملک کی رہائی کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چھ سالوں سے وہ اپنے شوہر سے نہیں ملی اور ان کے تمام دستاویزات بھی چھین لئے گئے ہیں، جیسے بھارتی پائلٹ ابھی نندن آج اپنے خاندان سے ملا ہے ویسے ہی یاسین ملک کو بھی رہا کیا جائے ۔

مشال ملک نے کہا کہ بتایا جائے کہ یاسین ملک کا کیا قصور ہے کیوں انہیں ان کے خاندان سے دور کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کشمیر کے مسئلے کا فوری حل نکالے ورنہ یہ تمام تر امن کی کوششیں رائیگاں جائیں گی اور ایک مرتبہ پھر خطے میں بڑی جنگ کے سائے منڈلانے شروع ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا تنازع ایک کینسر ہے جو دونوں ممالک کے درمیان ایٹمی جنگ کا بھی سبب بن سکتا ہے جس کے بعد یہ خطہ کیا پوری دنیا متاثر ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی جنگ کے بعد بڑی حد تک انسان دنیا سے ختم ہو جائیں گے اور دنیا ایک مرتبہ پھر آئس ایج میں چلی جائے گی لہذا کشمیر کا مسئلہ فوری حل کیا جائے۔


متعلقہ خبریں