اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت عالمی برادری میں پاکستان کو تنہا کرنے کے اپنے مذموم مقاصد میں ہر گز کامیاب نہیں ہو گا۔
ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے فواد حسین چوہدری نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم بھارت کے کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار اور متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کا خواہاں ہے جب کہ پاکستان بھارت سے متعلق معاملات بھی مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت بغیر کسی ثبوت اور تحقیقات کے الزامات عائد کرنے کا عادی ہے اور پلوامہ حملہ کا الزام بھی بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر عائد کیا جا رہا ہے۔
پلوامہ حملے کا فائدہ مودی کو پہنچتا ہے، فواد چوہدری
انہوں ںے بھارت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ پلوامہ حملے سے متعلق شواہد پاکستان کو فراہم کرے تاکہ پاکستان معاملے کی تحقیقات کے لیے اقدامات کر سکے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کی سول اور فوجی قیادت قومی امور سے نمٹنے کے لیے متحد ہیں۔
تین روز قبل سیکرٹری خارجہ پاکستان تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پر بھارتی الزامات خطے کے امن کے مفاد میں نہیں ہیں اور بھارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر متضاد مواد کو جواز بنانا حقائق کے برخلاف ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ حملے کے بعد بھارت کے پاکستان پر الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔
بھارت کی جانب سے پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر لگانے پر پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا تھا۔
پاکستان نے بھارت پر واضح کیا کہ بھارت نے دھماکے کی تحقیقات بھی نہیں کیں اور پاکستان پرالزام لگا دیا۔ جیش محمد کالعدم جماعت ہے اور پاکستان کا اس سے کسی بھی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی بسوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نیتجے میں 44 فوجی ہلاک ہوئے۔