پی اے سی ممبر بن چکا ہوں، شیخ رشید کا دعویٰ

غریبوں، مزدوروں کے لیے سستی اور الگ ٹرین چلانے کا فیصلہ | urduhumnews.wpengine.com

مظفرگڑھ: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے رکن بن چکے ہیں جبکہ اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کردار صرف پوسٹ مین کا ہے۔

مظفرگڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ریاض فتیانہ کا پی اے سی سے کاٹ کر میرا نام ڈالا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آج نام واپس لے لیں میں بھی نام واپس لے لوں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ اللہ کو منظور ہوا تو پاکستان میں ریل کا جال بچھا دیں گے، تمام ٹریکس کو بہتر بنائیں گے۔

وزیر ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ کال دوں گا سارے ملک میں شہباز شریف کے پتلے جلائے جائیں گے۔

شیخ رشید کو پی اے سی رکن بنانے کا معاملہ، حکمراں جماعت میں اختلاف

خیال رہے کہ اس سے قبل ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ حکمراں جماعت میں اختلافات کے سبب چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی شہباز شریف کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے اور وزیر ریلوے شیخ رشید کو کمیٹی کا ممبر بنانے کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں معاملات پر تحریک انصاف دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی، حکومتی ارکان شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد قیصر اور علی محمد خان نے دونوں فیصلوں کی مخالفت کی جب کہ وزیر اعظم کے پارلیمنٹ بارے بیان پر بھی مخالف دھڑے کو تشویش ہے۔

پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے بھی شیخ رشید کے رکن پی اے سی کے معاملے پر تنازعے کو بے مقصد قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی اے سی سے متعلق صوابدید اسپیکر کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ ایک رکنیت کے معاملے پر پی اے سی کو سیاسی اکھاڑا نہ بنایا جائے، پی ٹی آئی بھی شیخ رشید کو پی اے سی کا رکن بنانے پر متفق نہیں۔

یاد رہے کہ وزیر ریلوے تواتر کے ساتھ ممبر پی اے سی بننے کا دعویٰ کرتے آئے ہیں۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما راجہ ریاض نے اس کی کھل کرمخالفت کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ پی اے سی میں حکمراں جماعت کے ارکان موجود ہیں وزیر ریلوے کو پی اے سی کا ممبر بنانے کی ضرورت نہیں۔

راجہ ریاض نے کہا کہ کمیٹی کے چیئرمین شہبازشریف اگرغلط کام کرنا چاہیں گے ہم رکاوٹ بنیں گے، کمیٹی وہی کام کرے گی جو ملک کے مفاد میں ہوگا، تمام ممبران کمیٹی میں دیانتداری سے کام کریں گے۔

یاد رہے کہ شیخ رشید نے شہبازشریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کی سخت مخالفت کی تھی اور اسے حکومت کا غلط فیصلہ قرار دیا تھا۔


متعلقہ خبریں