شیخ رشید کو ممبر پی اے سی بنانے کی ضرورت نہیں، پی ٹی آئی رہنما

میں نے ملاقات کی بات کی تو قیامت آگئی، شیخ رشید

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ ریاض نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ممبر بنانے کی مخالفت کردی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی اے سی میں حکمراں جماعت کے ارکان موجود ہیں وزیر ریلوے کو پی اے سی کا ممبر بنانے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے چیئرمین شہبازشریف اگرغلط کام کرنا چاہیں گے ہم رکاوٹ بنیں گے، کمیٹی وہی کام کرے گی جو ملک کے مفاد میں ہوگا، تمام ممبران کمیٹی میں دیانتداری سے کام کریں گے۔

واضح رہے کہ شیخ رشید نے شہبازشریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کی سخت مخالفت کی ہے اور اسے حکومت کا غلط فیصلہ قرار دیا ہے جب کہ انہوں نے شہبازشریف کی تقرری کے خلاف سپریم کورٹ میں بھی درخواست دائر کی ہے۔

علاوہ ازیں شیخ رشید دعویٰ کرچکے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی پارٹی کے ایک رکن کو پی اے سی سے نکال کر انہیں کمیٹی کا رکن نامزد کیا ہے۔

دوسری جانب  چیئرمین پی اے سی کو ہٹانے کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی 29 ارکان پر مشتمل ہے جس میں حکومت اور اس کے اتحادیوں کی تعداد 16 ہے جب کہ 12 ارکان کا تعلق تحریک انصاف سے ہے۔


متعلقہ خبریں